دنیا

اسرائیل کا لبنان میں فضائی حملہ، حماس کے اہم کمانڈر شہید

'دشمن کے ڈرون' نے یہ حملہ کیا ہے، جس میں 2 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، سرکاری نیوز ایجنسی لبنان
Welcome

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر سیڈون میں ایک گاڑی پر حملہ کر کے حماس کے ایک ’کمانڈر‘ کو شہید کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے سے غزہ میں سیز فائر کے حصول کی کوششوں کو دھچکا اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

گزشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل میں حماس کے حملوں کے بعد یہ سیڈون میں اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے، حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سامر الحاج ’سیڈون شہر میں ایک صیہونی حملے میں شہید ہو گئے‘، ذرائع کے مطابق اس حملے میں ان کے محافظ شدید زخمی ہو گئے۔

ایک لبنانی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ’اسرائیلی حملے میں عین الحلوہ کیمپ میں حماس کے ایک اہم رہنما کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سیڈون شہر میں اپنی گاڑی کے اندر موجود تھے۔

عین الحلوہ اور دیگر پناہ گزین کیمپ 1948 میں اسرائیل کے قیام کے کے دوران جنگ میں ایسے فلسطینی شہریوں کے لیے بنائے گئے تھے، جنہیں بے دخل کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ لبنان میں حماس کے سینئر کمانڈر سامر الحاج پر سیڈون کے علاقے پر فضائی حملہ کیا گیا۔

لبنان کی سرکاری ’نیشنل نیوز ایجنسی‘ کے مطابق ’دشمن کے ڈرون‘ نے یہ حملہ کیا ہے، جس میں 2 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔