’برزخ‘ کی آخری قسط ریلیز
پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے تیار کردہ ویب سیریز ’برزخ‘ کی آخری قسط کو بھی یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔
ویب سیریز کی آخری قسط کو ریلیز کرنے سے قبل اسٹریمنگ ویب سائٹ نے برزخ کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان بھی کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ کمپنی نے برزخ کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے، تاہم ویب سیریز کی تمام قسطوں کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جا چکا ہے اور سیریز کی تمام یعنی 6 ہی قسطیں 9 اگست تک یوٹیوب پر موجود رہیں گی۔
زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی برزخ کی تمام 6 ہی قسطیں 9 اگست کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹا دی جائیں گی، تب تک پاکستانی شائقین ویب سیریز کو دیکھ سکیں گے۔
ویب سیریز کی آخری قسط 6 اگست کی رات کو ریلیز کی گئی، اس کی پہلی قسط کو 19 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا۔
برزخ کی دوسری قسط 23 جولائی، تیسری 26 جولائی، چوتھی 29 جولائی اور پانچویں 2 اگست کو ریلیز کی گئی تھی۔
ویب سیریز کی تمام قسطیں 50 منٹ سے زائد دورانیے کی ہیں اور اس کی پہلی قسط کو کافی سراہا گیا تھا لیکن بعد ازاں سیریز کی تیسری قسط میں ہم جنس پرستی کی جانب راغب مرد کرداروں کی وجہ سے شائقین نے اس پر تنقید کی اور اسے دیکھنا بھی کم کردیا۔
پاکستانی شائقین کی جانب سے ہدایت کار عاصم عباسی، فواد خان، صنم سعید سمیت دیگر اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا اور ان پر پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کا الزام بھی لگایا گیا۔
پاکستانی شائقین کی جانب سے تنقید کے بعد کمپنی نے 9 اگست سے ویب سیریز کی تمام قسطیں پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا لیکن تب تک پاکستانی شائقین ویب سیریز کو یوٹیوب پر مفت میں دیکھ سکیں گے۔