دنیا

جوبائیڈن کا نیتن یاہو سے غزہ ڈیل کو حتمی شکل دینے کا مطالبہ

امریکی صدر نے جلد از جلد معاہدے کو حتمی شکل دینے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تنازع کے پائیدار خاتمے کی ضرورت پر زور دیا، وائٹ ہاؤس

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں سیزفائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدے کو تیزی سے حتمی شکل دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی صدر نے یہ مطالبہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران کیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جوبائیڈن نے خلا ختم کرنے، جلد از جلد معاہدے کو حتمی شکل دینے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تنازع کے پائیدار خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

دریں اثنا، کاملا ہیرس نے نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں انسانی صورتحال پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔

اے ایف پی رپورٹ کے مطابق کاملا ہیرس نے امریکی غزہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کا عندیہ دیا ہے، امریکی صدارتی امیدوار نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو امن معاہدہ کرنے پر زور دیا ہے۔

نائب صدر نے نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ’تباہ کن‘ تنازع کو ختم کیا جائے۔

کاملا ہیرس نے رپورٹرز کو بتایا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران غزہ میں جو کچھ ہوا وہ تباہ کن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خود کو بے حس ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے اور میں خاموش نہیں رہوں گی۔

59 سالہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو سے ملاقات میں سنگین صورتحال کے معاملے پر دباؤ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے غزہ میں معصوم شہریوں کی موت اور انسانی مشکلات پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔