دنیا

صدر بائیڈن کے ساتھ کشیدگی کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم امریکی کانگریس کی حمایت کے خواہاں

نیتن یاہو آج دونوں امریکی ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 4 بار خطاب کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنما بن کر برطانیہ کے ونسٹن چرچل سے آگے نکل جائیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو آج امریکی کانگریس میں تاریخی تقریر کریں گے جس میں غزہ میں جارحیت کے معاملے پر اپنے ملک اور اس کے اہم فوجی اتحادی کے درمیان کشیدگی کے دوران اپنے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق واشنگٹن غزہ میں 9 ماہ سے زائد عرصے سے جاری جارحیت کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں پر تنقید کرتا رہا ہے جب کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کے اہل خانہ کا اسرائیل میں احتجاج بھی نیتن یاہو کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ امریکا ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کہ وہاں قاتلانہ حملے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے اور صدر جو بائیڈن وائٹ ہاؤس کے لیے 2024 کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ اپنی نائب کاملا ہیرس کی حمایت کر رہے ہیں۔

پیر کو اسرائیل سے امریکا روانہ ہونے سے قبل نیتن یاہو نے کہا کہ وہ کانگریس سے اپنے خطاب میں دو طرفہ حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے جو اسرائیل کے لیے بہت اہم ہے۔

جو بائیڈن جمعرات کو نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے جب کہ کاملا ہیرس بھی اسرائیلی رہنما سے الگ بات چیت کریں گی، تاہم وہ پہلے سے طے شدہ سفری مصروفیات کی وجہ سے اسرائیلی وزیر اعظم کی تقریر کے سیشن میں شرکت نہیں کریں گی۔

نیتن یاہو جمعہ کو فلوریڈا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسرائیل کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم جب بدھ کو کانگریس سے خطاب کریں گے تو وہ امریکا کے 2 ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 4 بار خطاب کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنما بن کر برطانیہ کے ونسٹن چرچل سے آگے نکل جائیں گے۔