پاکستان

بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ توشہ خانہ کے نئے نیب ریفرنس میں شامل تفتیش

مقامی عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد نیب تفتیشی افسران نے جیل میں دونوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کے نئے نیب ریفرنس میں شامل تفتیش کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نیب ریفرنس میں تفتیش میں شامل ہو گئے۔

نیب تفتیشی افسران نے جیل میں دونوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

ادھر لاہور میں درج نو مئی سے متعلق مقدمات کی تفتیش کے لیے لاہور پولیس کی ٹیم قانونی ضابطےمکمل کرنے کے بعد اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوگئی۔

پولیس ٹیم گیٹ فائیو سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

آج وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اس کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آج توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔