دنیا

ہندو انتہاپسندوں کا ردعمل، روہت شرما کی اہلیہ نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ ڈیلیٹ کردی

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ بھی ’آل آئیز آن رفح‘ مہم کا حصہ بن گئیں، ریتیکا نے ہندو انتہا پسندوں کے شدید رد عمل اور نازیبا کمنٹس کے باعث پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا سجدے کی غزہ کے مسلمانوں کے حق میں انسٹا گرام اسٹوری وائرل ہوگئی، تاہم ہندو انتہا پسندوں کے سخت ردعمل کے باعث انہیں پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پڑگئی۔

بھارت کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز اور ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام ہینڈل سے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینوں کے حق میں آواز اٹھائی۔

ریتیکا سجدے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ’آل آئیز آن رفح‘ (تمام نظریں رفح پر) کا پوسٹر شیئر کیا تھا، ان کی یہ پوسٹ شیئر ہونے کے کچھ ہی دیر بعد وائرل ہوگئی۔

خیال رہے کہ ’آل آئیز آن رفح‘ کے نام سے تصویری مہم میں دنیا بھر سے نامور شخصیات حصہ لے رہی ہیں جو اس تصویر کو اپنے انسٹاگرام یا ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کرکے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس مہم میں سونم کپور، کرینہ کپور اور ورن دھون سمیت متعدد بالی وڈ اداکار بھی حصہ لے چکے ہیں۔

تاہم ہندو انتہاپسندوں کو بھارتی ٹیم کے کپتان کی اہلیہ کا پوسٹ کرنا ہضم نہ ہوا اور انہوں نے نہ صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ اس پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں ریتیکا کو گالیاں دینے کے علاوہ نازیبا جملے بھی کہے، جس کے بعد انہیں یہ پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پڑگئی۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے دو روز قبل اقوام متحدہ کی جانب سے محفوظ علاقہ قرار دیے جانے والے رفح کے کیمپ پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 45 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہوگئے۔

گزشتہ روز رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے ایک اور کیمپ پر اسرائیل فوج کی جانب سے حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں مزید 21 فلسطینی شہید ہوگئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بربریت میں اب تک 36 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

’اسرائیلی مظالم پرسب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں‘، عثمان خواجہ کی عالمی رہنماؤں پر شدید تنقید

رفح کے مناظر دل دہلادینے والے، فلسطینیوں کا قتل ناقابل قبول ہے، کینیڈین وزیر خارجہ

غزہ: اسرائیل کے بے رحمانہ حملے جاری، پناہ گزین کیمپ پر حملہ، 21 فلسطینی شہید