دنیا

امریکا: طلبہ کا احتجاج، پولیس کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس میں داخل، درجنوں مظاہرین گرفتار

پولیس کی کیمپس سے 30 سے 40 افراد کو گرفتار کیا، مظاہرین کے ہاتھ پیچھے باندھے انہیں پولیس وین میں لے جاتے دیکھا گیا۔

امریکی شہر نیویارک کے سیکڑوں پولیس اہلکار کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس میں داخل ہوگئے، متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہرے 18 اپریل سے شروع ہوئے تھے، یہ احتجاج سب سے پہلے نیویارک یونیورسٹی میں ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی پھیل گئے تھے۔

یہی نہیں بلکہ یہ مظاہرے پورے یورپ میں بھی پھیل گئے ہیں، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور طلبہ کے درمیان جھڑپے ہوئے اور کشیدگی پھیل گئی۔

طلبہ اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تعلقات اور شخصیات کا بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقامی وقت رات 9 بجے پولیس ہیملٹن ہال کے ذریعے یونیورسٹی میں داخل ہوئی، درجنوں پولیس اہلکاروں نے پیش قدمی کرتے ہوئے عمارت کو خالی کرانا شروع کر دیا جس کے گرد فلسطین کے حامی طلبہ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں۔

ہیملٹن ہال کو صبح کے وقت طلبہ نے رکاوٹیں کھڑی کر کے بلاک کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کسی بھی بے دخلی کا مقابلہ کریں گے۔

پولیس کی جانب سے وارننگ کے باوجود کئی مظاہرین نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ایک تصویر میں پولیس کو ٹرک سے ہیملٹن ہال کی دوسری منزل پر جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پولیس کی کیمپس سے 30 سے 40 افراد کو گرفتار کیا، مظاہرین کے ہاتھ پیچھے باندھے انہیں پولیس وین میں لے جاتے دیکھا گیا۔

اس دوران عمارت کے باہر سے احتجاجی مظاہرین نے ’فلسطین کو آزاد کرو‘، ’طلبہ کو رہا دو‘ کے نعرے بھی لگائے۔

کولمبیا یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیویارک پولیس یونیورسٹی کی درخواست پر کیمپس میں داخل ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ 18 اپریل سے اب تک تقریباً 900 مظاہرین کو امریکی یونیورسٹیوں سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔

’امید تھی کہ انتظامیہ بڑے پن کا مظاہرہ کرکے مذاکرات کرے گی‘

ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم امید کررہے تھے کہ انتظامیہ بڑے پن کا مظاہرہ کرے گی اور طلبہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے قدم بڑھائے گی لیکن ہمیں مایوسی ہوئی۔‘

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا امریکی ادارہ جہاں آزادی اظہار رائے کو قیمتی سمجھا جاتا ہے وہاں طلبہ کی بات سننے کے بجائے پولیس کو بلوا لیا گیا۔

کن یونیورسٹیوں میں احتجاج ہورہا ہے؟

یاد رہے کہ اس وقت امریکا کی جن یونیورسٹیوں میں احتجاج کیا جارہا ہے ان میں کولمبیا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس، جارج واشنگٹن یونیورسٹی، ہارورڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا اسٹیٹ پولی ٹیکنک یونیورسٹی شامل ہیں۔

اس کےعلاوہ ایمرسن کالج، نیویارک یونیورسٹی، ایموری یونیورسٹی، نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، ییل یونیورسٹی، فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، سٹی کالج آف نیویارک، انڈیانا یونیورسٹی بلومنگٹن، مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی ایسٹ لانسنگ کیمپس میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

فلسطین کے حق میں امریکی جامعات سے توانا آوازیں، طلبہ تحریکوں کو کیا سیکھنا چاہیے؟

امریکا: فلسطین کی حمایت میں احتجاج، کولمبیا یونیورسٹی نے طلبہ کو معطل کرنا شروع کردیا

حماس نے 2 اسرائیلی قیدیوں کی ویڈیو جاری کردی، معاہدہ طے نہ ہونے تک احتجاج کا مطالبہ