پاکستان

عمران خان کی سائفر، توشہ خانہ، نکاح کیسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر ڈائری نمبر الاٹ

سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر بھی ڈائری نمبر الاٹ کردیا گیا ہے۔
|

سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سائفر، توشہ خانہ، نکاح کیسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر ڈائری نمبر الاٹ کردیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق سابق وزیر اعظم کی جانب سے سائفر اور توشہ خانہ نیب کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے گزشتہ روز دائر کی گئی تھی، علاوہ ازیں عدت کے دوران نکاح کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم کی جانب سے اپیل مقامی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔

آج عمران خان کی سزا کے خلاف 2 اپیلوں کو بالترتیب 2976/2024 اور 2977/2024 نمبر الاٹ کر دیا گیا ہے جبکہ سزا معطلی سے متعلق تیسری درخواست کو 2978/2024 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر بھی ڈائری نمبر لگ گیا، اُن کی اپیل پر 2950/2024 کا نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید با مشقت کی سزا سنا دی گئی۔

31 جنوری کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14،14 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔

جبکہ 3 فروری کو راولپنڈی کی عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو غیر شرعی نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

مخلوط حکومت کے قیام کیلئے مسلم لیگ (ن) کی آزاد اراکین اسمبلی کو راغب کرنے کی کوششیں تیز

پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں قلندرز اور یونائیٹڈ مدمقابل

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 112 فلسطینی شہید