پاکستان

عمران خان کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ، جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات کی سماعت کارروائی کے بغیر ملتوی

انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث کیسز کی سماعت ملتوی ہوئی۔

انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف 5 مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس حملہ، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق آج کی کارروائی میں ملزمان کی حاضری ہونی تھی۔

تاہم انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث کیسز کی سماعت ملتوی ہوگئی۔

دہشتگری کی دفعات کے تحت عمران خان کے خلاف درج 4 مقدمات میں سماعت 14 مارچ تک ملتوی کی گئی جبکہ ایک کیس میں سماعت 29 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ 18 مارچ 2023 کو عمران خان توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے تو اسلام آباد پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہی تھیں۔

اس دوران دوران پولیس اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے ایک دوسرے کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پیٹرول بموں کے ساتھ ساتھ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کشیدگی پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور دیگر کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 148، 149، 186، 353، 380، 395، 427، 435، 440 اور 506 لگائی گئی تھیں۔

الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

لاہور: پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے پلان تیار

انتخابی مہم میں غیرقانونی اخراجات، سابق فرانسیسی صدر کو 6 ماہ قید کی سزا