دنیا

عالمی عدالت کے احکامات کے باوجود اسرائیلی حملوں میں کمی نہ آسکی، مزید 174 فلسطینی شہید

سب سے بڑے طبی مرکز الناصر ہسپتال اور الامال ہسپتال کے قریب اسرائیل نے شدید بمباری کی۔

عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود اسرائیلی بمباری میں کمی نہ آسکی، غزہ کے علاقے خان یونس میں بدستور حملے جاری ہیں، بمباری کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں مزید 174 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے خان یونس میں دو اہم ہسپتالوں کے قریب شدید فضائی حملے کیے۔

اسرائیلی فوج نے گزشتہ ایک ہفتے سے خان یونس کے الامل اسپتال کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور الناصر اسپتال کے سربراہ آرتھوپیڈک سرجری ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر بسام کو اغوا کرلیا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سب سے بڑے طبی مرکز الناصر ہسپتال اور الامال ہسپتال کے قریب اسرائیل نے شدید بمباری کی جہاں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق ایک شخص مارا گیا۔

دوسری جانب حماس نے قابض اسرائیلی فوجیوں کے خلاف بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے کئی ٹینکوں کو تباہ کردیا، زمینی کارروائی کے دوران حماس سے جھڑپوں میں اسرائیل کے اب تک 210 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ زمینی کارروائیوں میں 11 مسلح افراد مارے گئے ہیں جو فوجیوں کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 26 ہزار 257 افراد مارے گئے اور 64 ہزار 797 زخمی ہو چکے ہیں، 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 139 ہے۔

دوسری جانب عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد آج عرب لیگ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے پر متفقہ موقف تشکیل دیا جائے گا جبکہ غزہ کی صورت سے متعلق سلامتی کونسل کا اجلاس بدھ کو ہوگا ۔

بین الاقوامی برادری عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے، سعودی عرب

عالمی عدالت کے فیصلے کے باوجود اسرائیل کے حملے جاری، مزید 183 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کی روک تھام، پاکستان کا عالمی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم