پاکستان

پاک-ایران کشیدگی: نگران وزیر اعظم نے دورہ ڈیووس مختصر کردیا، دفتر خارجہ

انوار الحق کاکڑ 14 جنوری کو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کے بعد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنا دورہ ڈیووس مختصر کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم نے جاری پیش رفت کے پیش نظر اپنا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ناوابستہ ممالک کی تحریک کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے یوگنڈا میں موجود نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی ملک واپس آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم 14 جنوری کو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ انوار الحق کاکڑ 15 جنوری سے 19 جنوری تک سوئٹزرلینڈ میں قیام کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر آج علی الصبح ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

پڑوسی ممالک کے ساتھ امن چاہتے لیکن دفاع کا حق رکھتے ہیں، شہباز شریف

پاکستان کی سلامتی، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

’جوابی کارروائی کی شدت سے ضرورت تھی‘، ایران میں پاکستان کے حملے پر تجزیہ کاروں کی رائے