پاکستان

’ایران خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے‘، امریکا کی پاکستان میں حملے کی مذمت

ایران نے پاکستان، عراق اور شام، تینوں ہمسایہ ممالک کی خودمختار سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

امریکا نے پاکستان، عراق اور شام میں ایران کے حملوں کی مذمت کی ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واضح کیا کہ ایران نے 3 ہمسایہ ممالک کی خودمختار سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

میتھیو ملر کے مطابق ایک طرف تو ایران خطے میں دہشت گردی اور عدم استحکام کا سب سے بڑا اسپانسر ہے اور دوسری طرف یہ دعویٰ کرتا ہے کہ اسے انسداد دہشت گردی کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔

بعدازاں گزشتہ روز پاکستان نے ایران سے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کردیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطحی تبادلوں کو معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر، جو اس وقت ایران میں ہی ہیں، ان کو بھی پاکستان واپس نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام کی خاطر اب بیوی کے بغیر ولاگ بناؤں گا، ٹک ٹاکر اسد

غزہ میں جنگ رکنے کے ساتھ ہی اسرائیل پر حملے بھی رک جائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ