ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی غیر معمولی واقعہ ہے، مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی غیر معمولی واقعہ ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے خلاف ورزی پر ہماری طرف سے سنجیدہ رد عمل آئے گا، اس واقعے پر رد عمل دینے کا وقت اور اس کی نوعیت متعلقہ لوگ ہی طے کریں گے۔
انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے مرتضی سولنگی نے کہا کہ ہر جماعت چاہتی ہے لیول پلیئنگ صرف اسے ہی ملے، مسلم لیگ (ن) کو سندھ اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہے، ایسی ہی شکایات عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) ، مولانا فضل الرحمٰن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔
اس معاملے پر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے ایرانی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا پاکستان پر حملہ تشویش کا باعث ہے، یہ بڑا حساس معاملہ ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ وقت نہیں کہ مسلم ممالک آپس میں کشیدگی بڑھائیں۔