پاکستان

پاکستان سے غزہ کیلئے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

امداد میں سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیا اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ غزہ روانہ کردی گئی ہے، امداد میں سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیا اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کی گئی، خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان کو وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

نورخان ایئر بیس پر سامان کی روانگی کی تقریب میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطینی سفیر احمد ربیع، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے افسران، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر نگران وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔

جلیل عباس جیلانی نے غزہ کی مصیبت زدہ آبادی کے لیے انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی اور انصاف و انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 7 نومبر کو این ڈی ایم اے نے غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے خصوصی خیمے، کمبل، ادویات اور فوڈ پیکس پر مشتمل 2 امدادی کھیپیں بھیجی تھیں۔

گوجرانوالہ: 9 مئی کیس،51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

دہشت گردی کےحالیہ واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، جان اچکزئی

ابرار احمد مکمل طور پر فٹ ہیں یا نہیں، فیصلہ کل ہوگا، پی سی بی