نیتن یاہو ہٹلر سے مختلف نہیں، اسرائیلی حملے یہودیوں پر نازی حملوں جیسے ہیں، ترک صدر
ترک صدر رجب طیب اردوان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کو ماضی میں نازی جرمنی کی جانب سے یہودیوں پر کیے جانے والے حملوں سے تشبیح دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو جدید دور کے ہٹلر ہیں، وہ کسی بھی طرح اس سے مختلف نہیں ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کسی بھی طرح ہٹلر سے مختلف نہیں ہے اور اس کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے حملے ماضی میں نازی جرمنی کی جانب سے یہودیوں پر کیے جانے والے حملوں کی طرح ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک اسرائیلی حملوں میں برابر کے شریک ہیں، وہ جنگی جرائم میں ملوث ہیں، وہ ہٹلر سے نفرت کرتے ہیں لیکن وہ جدید ہٹلر کی سپورٹ کیے ہوئے ہیں۔
رجب طیب اردوان کے مطابق دیکھا جائے تو نیتن یاہو ماضی کے ہٹلر سے بھی زیادہ امیر اور طاقتور ہے کیوں کہ نیتن یاہو کو مغربی ممالک کی حمایت حاصل ہے، جس نے ان حمایتوں کے بل بوتے پر 20 ہزار فلسطینی شہید کردیے۔
ترک صدر نے خطاب کے دوران یہ بھی کہا کہ ترکی ان تمام تعلیم دانوں، سیاست دانوں اور سائنسدانوں کا خیر مقدم کرے گا جنہیں غزہ کی حمایت پر مخالفت کا سامنا ہے۔