دنیا

آرمی چیف کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و فلسطین پر تبادلہ خیال

جنرل عاصم منیر نے انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ غزہ میں شورش کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں، آئی ایس پی آر
|

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورہ امریکا کے دوران نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے کردار کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے بات چیت کے دوران خاص طور پر کشمیر اور غزہ کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں قیامِ امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے پُرامن حل سے مشروط ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیرقانونی بھارتی کوششوں کی بھی مذمت کی کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے، انہوں نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ غزہ میں شورش کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔

آئی آیس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خاص طور پر ان معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بےدردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی۔

پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ انتونیو گوتیرس نے آرمی چیف کے خدشات کو تسلیم کیا اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے دورے پر جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ جنرل عاصم منیر اتوار (10 دسمبر) کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے اور 2 دن برطانیہ میں گزارنے کے بعد منگل (12 دسمبر) کی سہ پہر امریکی دارالحکومت پہنچے تھے، برطانیہ میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں کیونکہ بظاہر یہ ایک نجی دورہ تھا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی جس کے دوران خطے کی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی تھی۔

پینٹاگون نے ملاقات کے بعد ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے پینٹاگون میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی میزبانی کی، دونوں عہدیداران نے علاقائی سلامتی کے حوالے سے حالیہ پیش رفت اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکا کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ملاقات میں انہیں ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل عاصم منیر کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات متوقع ہے، علاوہ ازیں امریکی ایوان اور سینیٹ کے اراکین سے بھی ان کی ملاقات کا امکان ہے۔

’لاہور ہائیکورٹ نے یک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کیا‘، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

واٹس ایپ میں بڑی تبدیلیاں جو میسجنگ پلیٹ فارم کے استعمال کو بدل دے گی

ایران: پولیس اسٹیشن پر حملے میں 11 پولیس اہلکار ہلاک