پاکستان

سائفر کیس: جیل ٹرائل روکنے سے متعلق حکم امتناع میں کل تک توسیع

خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی، جیل ٹرائل کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
|

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی کے خلاف اور سائفر کیس کا جیل ٹرائل روکنے پر حکم امتناع میں کل تک توسیع کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے استدلال کیا کہ جج کی تعیناتی کا معاملہ بھی بہت اہم ہے، عدالت کے سامنے کچھ حقائق رکھوں گا، عدالت نے کہا کہ عدالت کے سامنے اٹارنی جنرل نے جو دستاویزات رکھیں ان کے مطابق جج کی تعیناتی کا عمل ہائی کورٹ سے شروع ہوا، اسلام آباد میں سینکڑوں ماتحت عدلیہ کے ججز موجود ہیں، حکومت نے ایک مخصوص جج کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا چارج دے دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اس عدالت کے سامنے ریکارڈ پیش کیا تھا، ہم نے دستاویزات دیکھے ہیں، تعیناتی کے لیے کارروائی کا آغاز اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہوا، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہمیں تو وہ دستاویزات بھی نہیں دکھائے گئے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے ذہن میں بھی یہی سوال تھا لیکن دستاویزات دیکھنے کے بعد صورتحال واضح ہوئی، آپ پہلے اٹارنی جنرل کے اپیل ناقابلِ سماعت ہونے کے اعتراض کا جواب دیں، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر ایک بہانے سے چیئرمین پی ٹی آئی کو کسی عدالت پیش نہیں کیا جا رہا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اٹارنی جنرل کے جمع کردہ دستاویزات میں سی سی پی او کا ایک نوٹ بھی ہے، عدالت نے کہا کہ سی سی پی او نے وزارت داخلہ کو رپورٹ کیا جس کی بنیاد پر وزارت قانون نے یہ نوٹی فکیشن جاری کردیا، وزارت قانون نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خطرات ہیں جس کی وجہ سے جیل ٹرائل کیا جائے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بظاہر ایک اسپیشل رپورٹ تھی جس میں سیکیورٹی خدشات کا ذکر کیا گیا، سی سی پی او نے رپورٹ وزارت داخلہ کو بھیجی، وزارتِ داخلہ نے رپورٹ وزارت قانون کو بھیج دی، وزارتِ قانون نے وہ نوٹی فکیشن ٹرائل کورٹ کے جج کو بھیجا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مجھے اس خط کا تب پتا چلا جب اٹارنی جنرل نے دستاویزات جمع کرائی ہیں، عدالت نے کہا کہ نوٹی فکیشن میں زندگی کو خطرہ اور وزارت داخلہ کی اسپیشل رپورٹ کا ذکر نہیں ہے، جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ نوٹی فکیشن میں عمومی سیکیورٹی خدشات کی بات کی گئی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ حکومت جیل ٹرائل کے لیے پراسیکیوشن کے ذریعے بھی درخواست دے سکتی ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہجیل ٹرائل کی درخواست آئے تو عدالت نوٹس کر کے دوسرے فریق کو سننے کے بعدفیصلہ کر سکتی ہے، سیکشن 9 کے تحت جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جا سکتا، اِس سیکشن کے تحت عدالت کا مقام تبدیل کیا جا سکتا ہے لیکن جیل ٹرائل کا ذکر نہیں۔

سلمان اکرم راجا نے مؤقف اپنایا کہ یہ سزائے موت یا عمر قید کا کیس ہے اس میں سختی سے قانون کے مطابق چلنا چاہیے، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیا کہ اگر سیکیورٹی خدشات ہوں تو حکومت کو کیا کرنا چاہیے تھا؟ وکیل سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ حکومت کو یہ معاملہ متعلقہ جج کے سامنے رکھنا چاہیے تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ راجا صاحب، آپ اپیل قابلِ سماعت ہونے پر اپنے دلائل دیں، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وزارت قانون کا 29 اکتوبر کا جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن درست نہیں، یہ بھی کنفیوژن ہے کہ جیل ٹرائل کا مقصد کیا ہے؟ ایسا سیکیورٹی خدشات کے باعث ہے یا حساس کیس سے پبلک کو اس سے دور رکھنا مقصد ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اوریجنل آرڈر کے خلاف انٹراکورٹ اپیل قابلِ سماعت ہوتی ہے، سیکشن 9 سیشن عدالتوں کے مقامات تبدیل کرنے سے متعلق ہے، اِس سیکشن میں خصوصی عدالتوں کا مقام تبدیل کرنے کا ذکر نہیں، سیکشن 9 سیشن عدالتوں کے مقامات تبدیل کرنے سے متعلق ہے جیل ٹرائل کا نہیں لکھا ہوا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 14 کے حوالے سے پراسیکیوشن کی درخواست ٹرائل کورٹ نے مسترد کی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ پہلے اپیل قابلِ سماعت ہونےپر اپنے دلائل مکمل کر لیں، آپ کے بعد ہم اٹارنی جنرل کے جوابی دلائل سنیں گے،عدالت کیس قابلِ سماعت ہونے پر اپنا مائنڈ کلیئر کرنا چاہتی ہے، یقین دہانی کراتے ہیں کہ آپ نے دلائل دینے ہوئے تو دوبارہ موقع دیا جائے گا، آپ تھوڑا وقفہ کر لیں، ہم اٹارنی جنرل کو قابلِ سماعت ہونے پر سن لیتے ہیں۔

اٹارنی جنرل منصور اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل 23 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہونے سے شروع ہوا، اس سے پہلے کی تمام عدالتی کارروائی پری ٹرائل پروسیڈنگ تھی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا سیکیورٹی تھریٹس سے متعلق رپورٹ ٹرائل کورٹ کے جج کے سامنے رکھی گئی؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ نہیں، وہ رپورٹ ٹرائل کورٹ کے جج کے سامنے نہیں رکھی گئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے کس مواد کی بنیاد پر پہلا خط لکھا؟ اگر میرٹ پر دلائل سنتے ہیں تو آپ کو اِس نکتے پر عدالت کو مطمئن کرنا ہو گا۔

عدالت نے کہا کہ جج نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے جو خط لکھا ان کے پاس کیا معلومات تھیں؟ جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ کیا اسپیشل رپورٹس ان کے ساتھ شیئر کی گئی تھیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ بات عمومی طور پر پبلک ڈومین میں تھی اور عدالت کو بھی اس کا علم تھا، ریمانڈ کے لیے بھی جج کو جیل جانا پڑا تو انہیں اس بات کا احساس تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ شکریہ اٹارنی جنرل، وکیل نے کہا کہ جیل سماعت کے نوٹی فکیشنز جاری ہوتے رہے اور جج تیزی سے کارروائی آگے بڑھاتے رہے لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس اہم ترین معاملے میں ہماری درخواست پر کئی ہفتوں کے لیے فیصلہ محفوظ رکھا، کہتے ہیں کہ جیل میں اوپن ٹرائل ہورہا ہے۔

وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ کیسا اوپن ٹرائل ہے جس میں شاہ محمود قریشی کے بچوں کو بیٹھنے کی اجازت نہیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ عدالت نے نوٹ کیا ہے، وزارت قانون نے 25 ستمبر کو جاری نوٹی فکیشن میں لفظ ’جیل‘ نکال دیا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے کہا کہ حکم امتناع نہیں اس لیے وہ کارروائی جاری رکھیں گے، ہر سماعت پر تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں، 15 نومبر تک ٹرائل کورٹ میں ہونے والی تمام عدالتی کارروائی غیر قانونی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ ہمیں نہیں پتا کہ یہ کیس کیا ہے اور نہ ہم جاننا چاہتے ہیں، یہاں تک کہ یہ عدالت فرد جرم کے معاملے پر بھی نہیں جانا چاہتی، ہم صرف جیل میں ٹرائل اور جج کی تعیناتی کے معاملے پر قانونی نکات دیکھ رہے ہیں۔

وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میری استدعا ہو گی کہ اگر جیل ٹرائل بھی ہو تو کم از کم جج کو تبدیل کیا جائے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ جب میں اسپیشل کورٹس کا منتظم جج تھا تو مجھے شکایات موصول ہوتی تھیں، خصوصی عدالتوں کا عملہ وزارتِ قانون کے ماتحت ہوتا ہے، خصوصی عدالتوں کے ججز شکایت کرتے تھے کہ اسٹاف ہماری بات ہی نہیں سنتا، وہ ججز حتیٰ کہ ہائی کورٹ بھی اسٹاف کے خلاف ڈسپلنری کارروائی نہیں کر سکتی۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ یہ چیزیں عدالتوں کے لیے انصاف فراہمی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں تین احتساب عدالتوں کی منظوری دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے پورے دور میں وہ احتساب عدالتیں قائم نہیں ہو سکیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ کابینہ کی منظوری اور نئے نوٹی فکیشن سے پہلے کی سائفر کیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا آپ عدالت سے کارروائی کو غیر قانونی قرار دینے کا ڈیکلریشن چاہ رہے ہیں؟

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جی، پبلک کے بغیر ہونے والی کارروائی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کو اِن کیمرہ ٹرائل بنا دیا گیا ہے، اِس ٹرائل میں فیملی ممبرز کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس عدالت نے ایک سوال اپنے پہلے تحریری آرڈر میں بھی رکھا تھا، وفاقی کابینہ کی منظوری سے پہلے ہونے والے ٹرائل کا اسٹیٹس کیا ہوگا؟ آپ اپنے دلائل میں واضح کر دیں کہ آپ اس ٹرائل سے متعلق کیا چاہتے ہیں؟

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے پہلے ہونے والا ٹرائل خلاف قانون ہے، کابینہ منظوری سے پہلے ہونے والا ٹرائل کالعدم قرار دیا جائے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار نے کیا کہ کیا آپ ڈکلیئریشن چاہ رہے ہیں؟

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 12 نومبر سے پہلے کے نوٹی فکیشنز میں کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کابینہ نے کیا قانونی طور پر عمل مکمل کیا؟ جو ٹرائل ہو چکا اس پر کیا اثرات ہوں گے؟

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جو ٹرائل 12 نومبر تک ہوا وہ کالعدم ہو گا، عدالت نے کہا کہ عدالت کو ایک ایک کرکے بتائیں طریقہ کار کیا تھا جس کو فالو کرنا ضروری تھا، عمل مکمل کرنے سے پہلے کے ٹرائل کو صرف بے ضابطگی نہیں کہہ سکتے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ پبلک کو عدالتی کارروائی سے باہر رکھنے کا اختیار متعلقہ جج کا ہے، اٹارنی جنرل کہہ رہے ہیں کہ جج کی طرف سے پبلک کو باہر رکھنے کا کوئی آرڈر موجود نہیں، اٹارنی جنرل کے مطابق ایسا آرڈر نہ ہونے کے باعث اسے اوپن ٹرائل تصور کیا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سابق وزیر اععظم کا جیل ٹرائل فیملی اور پبلک کو دور رکھنے کے لیے ہی کیا جا رہا ہے، میڈیا، فیملی اور پبلک کو ٹرائل سے دور رکھنا محض بےضابطگی نہیں، استدعا ہے کہ پہلے ہو چکا ٹرائل کالعدم قرار دیا جائے،پراسیکیوشن نے ٹرائل کورٹ میں پبلک کو ٹرائل سے باہر رکھنے کی درخواستدائر کی۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جج نے آرڈر میں لکھا کہ ابھی تو پبلک کیس کی سماعت میں موجود ہی نہیں، جج نے لکھا کہ جب پبلک موجود ہوئی تو پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔

عدالت نے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو کمرہ عدالت میں طلب کر لیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ رجسٹرار صاحب آپ سے دو سوالات کرنے ہیں، کیا آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج کی تعیناتی کے لیے پہلا خط ہائی کورٹ نے لکھا؟ یا وزارت قانون نے جج کی تعیناتی کے عمل کا آغاز کیا؟

جسٹس گل حسن اورنگزیب نےاستفسار کیا کہ دوسرا یہ بتا دیں کہ کیا ٹرائل جج نے جیل ٹرائل سے پہلے ہائی کورٹ کو آگاہ کیا؟

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ سردار طاہر صابر کمرہ عدالت سے چلے گئے، وہ ریکارڈ کا جائزہ لے کر عدالتی سوالوں کا جواب دیں گے۔

عدالت نے خصوصی عدالت کے جج تعیناتی کا نوٹی فکیشن طلب کرنے کے ساتھ سیکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹس بھی طلب کرلیں۔

عدالت نے خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی اور سائفر کیس کا جیل ٹرائل روکنے پر حکم امتناع میں کل تک توسیع کرتے ہوئے کل دن 11 بجے تک توسیع کر دی۔

کیس کا پس منظر

سائفر کیس سفارتی دستاویز سے متعلق ہے جو مبینہ طور پر عمران خان کے قبضے سے غائب ہو گئی تھی، اسی کیس میں سابق وزیر اعظم اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی 26 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

پی ٹی آئی کا الزام ہے کہ اس سائفر میں عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے امریکا کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی۔

ایف آئی اے کی جانب سے درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی ار) میں شاہ محمود قریشی کو نامزد کیا گیا اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعات 5 (معلومات کا غلط استعمال) اور 9 کے ساتھ تعزیرات پاکستان کی سیکشن 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں 7 مارچ 2022 کو اس وقت کے سیکریٹری خارجہ کو واشنگٹن سے سفارتی سائفر موصول ہوا، 5 اکتوبر 2022 کو ایف آئی اے کے شعبہ انسداد دہشت گردی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اور ان کے معاونین کو سائفر میں موجود معلومات کے حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرکے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال کر اپنے ذاتی مفاد کے حصول کی کوشش پر نامزد کیا گیا تھا۔

اس میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے معاونین خفیہ کلاسیفائیڈ دستاویز کی معلومات غیر مجاز افراد کو فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

سائفر کے حوالے سے کہا گیا کہ ’انہوں نے بنی گالا (عمران خان کی رہائش گاہ) میں 28 مارچ 2022 کو خفیہ اجلاس منعقد کیا تاکہ اپنے مذموم مقصد کی تکمیل کے لیے سائفر کے جزیات کا غلط استعمال کرکے سازش تیار کی جائے‘۔

مقدمے میں کہا گیا کہ ’ملزم عمران خان نے غلط ارادے کے ساتھ اس کے وقت اپنے پرنسپل سیکریٹری محمد اعظم خان کو اس خفیہ اجلاس میں سائفر کا متن قومی سلامتی کی قیمت پر اپنے ذاتی مفاد کے لیے تبدیل کرتے ہوئے منٹس تیار کرنے کی ہدایت کی‘۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیراعظم آفس کو بھیجی گئی سائفر کی کاپی اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے جان بوجھ کر غلط ارادے کے ساتھ اپنے پاس رکھی اور وزارت خارجہ امور کو کبھی واپس نہیں کی۔

مزید بتایا گیا کہ ’مذکورہ سائفر (کلاسیفائیڈ خفیہ دستاویز) تاحال غیر قانونی طور پر عمران خان کے قبضے میں ہے، نامزد شخص کی جانب سے سائفر ٹیلی گرام کا غیرمجاز حصول اور غلط استعمال سے ریاست کا پورا سائفر سیکیورٹی نظام اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے خفیہ پیغام رسانی کا طریقہ کار کمپرومائز ہوا ہے‘۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ’ملزم کے اقدامات سے بالواسطہ یا بلاواسطہ بیرونی طاقتوں کو فائدہ پہنچا اور اس سے ریاست پاکستان کو نقصان ہوا۔

ایف آئی اے میں درج مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ’مجاز اتھارٹی نے مقدمے کے اندراج کی منظوری دے دی، اسی لیے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد پولیس اسٹیشن میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشنز 5 اور 9 کے تحت تعزیرات پاکستان کی سیکشن 34 ساتھ مقدمہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشنل خفیہ معلومات کا غلط استعمال اور سائفر ٹیلی گرام (آفیشل خفیہ دستاویز)کا بدنیتی کے تحت غیرقانونی حصول پر درج کیا گیا ہے اور اعظم خان کا بطور پرنسپل سیکریٹری، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر ملوث معاونین کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا‘۔

کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان

شکر ہے پاکستانی اداکاروں کو آسکر ایوارڈز میں نہیں بلایا جاتا، یاسر حسین

دہشتگردی نہ رکی تو ٹھکانوں میں گھس کر سبق سکھائیں گے، جان اچکزئی