کھیل

ورلڈکپ سے باہر ہونے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم لاہور پہنچ گئے

کپتان کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے شائقین نے ’کنگ بابر‘ اور پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگائے۔

بھارت میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے سب سے اہم ٹورنامنٹ ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی سے واپس لاہور واپس پہنچ گئے۔

بابراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے دیگر عملے کے ہمراہ آج (13 نومبر) صبح تقریباً 3 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔

اس موقع پر کپتان کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے شائقین نے ’کنگ بابر‘ اور پاکستان زندہ باد’ کے نعرے بھی لگائے جبکہ کچھ شائقین نے بابراعظم کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔

کپتان کو سخت سیکیورٹی میں ان کی گاڑی تک پہنچایا گیا۔

قبل ازیں بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان بابر اعظم سمیت 11 ارکان کا پہلا گروپ اتوار کی صبح کولکتہ سے دبئی روانہ ہوا تھا، اس اسکواڈ میں بابر اعظم، افتخار احمد، حارث رؤف اور دیگر شامل تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا دوسرا گروپ بھی کولکتا سے دبئی کیلئے روانہ ہوگا، اسکواڈ کے ارکان میں شاہین آفریدی، امام الحق، سلمان آغا، شاداب خان اور دیگر کھلاڑی شامل ہوں گے۔

حسن علی بھارت میں ہی قیام کریں گے اور 22 نومبر کو پاکستان واپس آئیں گے۔

اس کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 13 سے 16 نومبر تک دبئی میں قیام کریں گے اور 16 نومبر کو لاہور روانہ ہوں گے۔

ورلڈکپ میں پاکستان کی کارکردگی

انگلینڈ کے خلاف میچ کے ساتھ پاکستان کی ورلڈ کپ مہم اپنے اختتام کو پہنچ گئی جہاں اہم میچوں میں شکستوں کی وجہ سے ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکی۔

پاکستان نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں اپنے 9 میچز میں سے 4 میں کامیابی اور 5 میں ناکامی کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا رن ریٹ 0.199 رہا۔

پورے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس کے حوالے سے بابراعظم کی کپتانی پر تو پہلے ہی سوال اٹھ رہے تھے لیکن ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ پر بھی سینئر کرکٹرز نے سنجیدہ سوال اٹھائے تھے۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ (15 نومبر) کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

رولڈ کپ 2023 کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور پوائنٹس ٹیبل پر موجود دوسری سرفہرست ٹیم جنوبی افریقہ کے درمیان جمعرات (16نومبر) کو ہوگا۔

پاکستان ورلڈ کپ سے باہر، نیوزی لینڈ کے ساتھ سیمی فائنل کی 4 ٹیمیں مکمل

پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم سخت دباؤ کا شکار

سب سے زیادہ مایوس کن بابر کی کپتانی یا ان کی بیٹنگ؟ بھارتی صحافی کا وسیم اکرم سے سوال