ورلڈ کپ میں ناقابل شکست بھارت کی لگاتار نویں فتح، نیدرلینڈز 160رنز سے ناکام
ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے شریاس ائیر اور لوکیش راہُل کی جارحانہ سنچریوں کی بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم کو 160 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار نویں فتح حاصل کر لی۔
بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
روہت شرما اور شبمن گل پر مشتمل بھارتی اوپننگ جوڑی نے یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور پہلے پاور پلے میں مہمان باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز اسکور کیے۔
دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 100 رنز کی ساجھے داری بنائی، شبمن گل 21 گیندوں پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔
کپتان روہت شرما بھی نصف سنچری اسکور کی اور 54 گیندوں پر 8 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ویرات کوہلی نے عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھا اور شریاس ائیر کے ساتھ 71 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ویرات کوہلی کیریئر کی 50ویں سنچری بنا کر سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے لیکن ایسا نہ ہو سکا اور نامور بلے باز 51 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد شریاس ائیر کا ساتھ دینے لوکیش راہُل آئے اور اگلے 21 اوورز کے دوران نیدرلینڈز کی باؤلنگ کو تختہ مشق بنا دیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 رنز فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 21 اوورز میں 208 رنز کی شراکت قائم کی۔
گزشتہ دو میچوں میں جارحانہ نصف سنچریاں بنانے والے شریاس ائیر نے اس مرتبہ سنچری کرنے کا موقع نہ گنوایا اور 84 گیندوں پر تین ہندسوں کی اننگز مکمل کی۔
دوسرے اینڈ سے راہُل بھی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور دیوالی کے تہوار کے موقع پر میدان میں چھکوں اور چوکوں کی گولہ باری کرتے ہوئے صرف 62 گیندوں پر سنچری داغ دی۔
یہ بھارت کی جانب سے ورلڈ کپ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری ہے اور انہوں نے چھکا لگا کر ایک طرف اپنی سنچری مکمل کی اور دوسری جانب ٹیم کے 400 رنز بھی مکمل کرائے۔
لوکیش راہُل 4 چھکوں اور 11 چوکوں سے سجی 102 رنز کی اننگز تراشنے کے بعد پویلین لوٹے۔
بھارت نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے، شریاس ائیر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 10 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 128 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کے تمام ہی باؤلرز بھارتی بلے بازوں کے رحم و کرم پر رہے لیکن سب سے زیادہ 107 رنز لوگان وین بیک نے دیے اور کوئی وکٹ بھی نہ لے سکے۔
پال وین میکرن نے 90 رنز کے عوض ایک جبکہ باس ڈی لیڈے نے 82 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔
نیدرلینڈز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد سراج نے پہلے اوور میں وکٹ لینے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ویزلے بریسی کو پویلین واپسی کی راہ دکھا دی۔
اس کے بعد میکس او ڈاؤڈ کا ساتھ دینے کولن ایکرمین آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔
ان دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں کو پریشان کرنے والے بھارتی باؤلنگ اٹیک کے خلاف پہلے پاور پلے میں چھ کی اوسط سے رنز کیے۔
اس مرحلے پر کلدیپ یادیو کی گیند کو سوئپ کھیلنے کی کوشش میں ایکرمین ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ رویندرا جدیجا نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر میکس او ڈاؤد کو بولڈ کر کے 30 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے سیبرینڈ اینجل بریچت کے ہمراہ مزید 39 رنز جوڑ کر اسکور کو 111 تک پہنچا دیا۔
سیمی فائنل میچ سے قبل روہت شرما نے اپنے سرفہرست باؤلرز کو آرام دینے اور پارٹ ٹائم باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی کپتان باؤلنگ پر ویرات کوہلی کو لے کر آئے اور انہوں نے حیران کن طور پر امیدوں پر پورا اترتے ہوئے نیدرلینڈز کے کپتان کا شکار کر لیا جو ان کی ون ڈے کرکٹ میں 9 سال بعد پہلی وکٹ تھی۔
باس ڈی لیڈے نے 12 رنز کی باری کھیلی اور بمراہ نے خوبصورت یارکر پر انہیں بولڈ کردیا۔
اینجل بریچت نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز کی اننگز کھیلی لیکن محمد سراج نے بولڈ کر کے ان کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد تیجا ندامنورو نے میدان سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تمام بھارتی باؤلرز کے خلاف تیزی سے کھیلنا شروع کیا۔
دوسرے اینڈ سے لوگان وین بیک اور ریلوف وین ڈر مروے 16، 16 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادیو اور جدیجا کی وکٹ بنے جبکہ بمراہ نے آریان دت کو بھی بولڈ کردیا۔
ندا منورو نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہیں کپتان روہت شرما نے خود آؤٹ کیا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح بھارت نے میچ میں 160 رنز سے فتح حاصل کر لی۔
بھارت کی جانب سے سراج، بمراہ، کلدیپ اور جدیجا نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
شریاس ائیر کو ان کی عمدہ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بھارت نے ورلڈ کپ 2023 میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا اور ایونٹ میں لگاتار نویں فتح حاصل کر کے اپنی برتری قائم رکھی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہُل، سوریاکمار یادیو، رویندرا جدیجا، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج۔
نیدرلینڈز: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، تیجا ندامانورو، میکس اوڈاؤڈ، ویزلے بریسی، کولن ایکرمین، سائبرینڈ اینجل بریچ، باس ڈی لیڈے، لوگان وین بیک، آریان دت، پال وان میکرین، ریلوف وین مروے