بنگلہ دیش آخری لیگ میچ میں ناکام، آسٹریلیا کی ورلڈ کپ میں لگاتار ساتویں فتح
آئی سی سی ورلڈکپ کے 43 ویں میچ میں آسٹریلیا نے مچل مارش کی 177 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ میں لگاتار ساتویں فتح حاصل کر لی۔
بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیشی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں تنزید حسن اور لٹن داس نے 76 رنز بنائے، تاہم آسٹریلا کی ٹیم میں ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شامل کیے جانے والے آل راؤنڈر شان ایبٹ نے حسن کا شکار کرکے ساجھے داری کا خاتمہ کیا، وہ 36 رنز بنا سکے۔
جلد ہی 36 رنز بنانے والے لٹن داس بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ایڈم زامپا نے ان کو آؤٹ کیا۔
تیسری وکٹ کے لیے نجم الحسین شانتو اور توحید ہردوئی نے 66 گیندوں پر 63 رنز کی شراکت قائم کی، اور بنگلہ دیش کے اسکور کو 170 تک پہنچایا، تاہم اس موقع پر کپتان شانتو رن آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب توحید ہردوئی نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی، اگلے بیٹر محمود اللہ چھوٹی مگر 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد مارنس لبوشین کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 74 رنز توحید ہردوئی نے بنائے، اس کے علاوہ مہدی حسین میراز 29 اور مشفیق الرحیم 21 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کی جانب سے شان ایبٹ اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے، اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 307 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو ابتدا میں ہی اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب 12 کے مجموعی اسکور پر تسکین احمد نے ٹریوس ہیڈ کو بولڈ کردیا۔
اس کے بعد ڈیوڈ وارنر کا ساتھ دینے مچل مارش آئے اور دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
132 کے مجموعی اسکور پر 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ مستفیض نے حاصل کی۔
اس مرحلے پر میچ میں بنگلہ دیش کی واپسی کی امید پیدا ہوئی تھی لیکن مچل مارش نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
آل راؤنڈر نے پہلے 87 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور اس کے بعد بھی بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف لاٹھی چارج کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے اسٹیو اسمتھ کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے صرف 135 گیندوں پر 175 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو 32 گیندیں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
مچل مارش نے 132 گیندوں پر 9 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے اس ورلڈ کپ کی دوسری بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 177 رنز بنائے اور اسمتھ نے بھی 63 رنز کی باری کھیلی۔
ابتدائی دو میچ ہارنے والی پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا نے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں لگاتار ساتویں فتح اپنے نام کر لی۔
مچل مارش کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
بنگلہ دیش: لٹن داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مشفق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن میراز، توحید ہردوئی، مہدی حسن، نسیم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمن۔
آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارنس لبوشین، جوش انگلس، اسٹیون اسمتھ، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ، مارکس اسٹوئنس