کھیل

’ناانصافی کے شکار‘ میتھیوز کا کرکٹ کونسل سے انصاف کا مطالبہ

ویڈیو شواہد سے پتا چلتا ہے کہ ہیلمٹ لینے کے بعد بھی میرے پاس پانچ سیکنڈ باقی تھے، کیا امپائر اس غلطی کو درست کر سکتا ہے، سری لنکن آل راؤنڈر
|

آی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران عالمی کرکٹ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے پہلے کھلاڑی بننے کے بعد سری لنکا کے بلے باز اینجلو میتھیوز نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ’انصاف‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کو ’فراڈ‘ قرار دے دیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں سری لنکا کی امیدوں کو ختم کرنے والی شکست کے بعد اینجلو میتھیوز نے پریس کانفرنس میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیب الحسن کی جانب سے کی گئی آؤٹ قرار دینے کی متنازع اپیل ’شرمناک‘ تھی۔

36 سالہ کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے ورلڈ کپ کے اس اصول کی خلاف ورزی کی تھی کہ نئے بلے باز کو وکٹ گرنے کے 2 منٹ کے اندر اندر باؤلنگ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔

اینجلو میتھیوز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کہا کہ وہ اپنے ہیلمٹ کے ٹھوڑی پر باندھنے والے پٹے کے ٹوٹنے سے پہلے مقررہ وقت کے اندر کریز پر موجود تھے جہاں نیا ہیلمٹ لانے کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو شواہد سے پتا چلتا ہے کہ ہیلمٹ دیے جانے کے بعد بھی میرے پاس 5 سیکنڈ باقی تھے، کیا چوتھا امپائر اس غلطی کو درست کر سکتا ہے، میرا مطلب ہے کہ حفاظت سب سے اہم ہے کیونکہ میں ہیلمٹ کے بغیر باؤلر کا سامنا نہیں کر سکتا تھا۔

کھلاڑی نے لکھا کہ یہ واضح دھوکا دہی ہے، میں انصاف چاہتا ہوں۔

ان کا یہ بیان چوتھے امپائر ایڈرین ہولڈاسٹاک کے بیان سے بالکل مختلف اور متضاد ہے۔

انہوں نے ارون جیٹلے اسٹیڈیم میں میچ کے بعد ایک آن-پچ انٹرویو میں کہا کہ آج دوپہر کے واقعے میں بلے باز دو منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بطور بلے باز آپ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ آپ کے پاس اپنی تمام چیزیں موجود ہوں کیونکہ 2 منٹ کے اندر آپ کو گیند کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہونے کی ضروت ہے، نہ کہ گارڈ پہننے یا پیڈز باندھنے کے لیے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔

اینجلو میتھیوز کی کافی حمایت کی گئی ہے، جنوبی افریقہ کے سابق باؤلر ڈیل اسٹین نے کہا کہ یہ واقعہ عام نہیں تھا جبکہ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ نے اسے ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا اور بھارت کے سابق کپتان گوتم گمبھیر نے اسے ’افسوسناک‘ کہا۔

پاکستان کے وقار یونس نے کہا کہ ’میں نے وہاں جو کچھ دیکھا اس سے لطف اندوز نہیں ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں تھا، میں پرانا کھلاڑی ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کرنے کے لیے کافی ڈرامہ کیا گیا۔

تاہم بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے اپنے عمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عمل قوانین کے مطابق تھا جس پر انہیں کوئی افسوس نہیں۔

یہ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے 25ویں اوور میں اس پیش آیا جب شکیب الحسن نے سماراوکراما کو آؤٹ کیا جو باؤنڈری لائن کے قریب محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اینجلو میتھیوز نے میدان میں آنے کے دوران کچھ زیادہ وقت لیا اور پھر ان کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا۔

جیسے ہی انہوں نے نئے ہیلمٹ کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو شکیب الحسن اور بنگلہ دیشی ٹیم نے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دیے جانے کی اپیل کردی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

اینجلو میتھیوز نے فیصلے کے خلاف اپیل کی لیکن ایمپائر نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔

فیصلے کے بعد اینجلو میتھیوز کو بنگلہ دیشی کھلاڑیوں اور امپائرز کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن اپیل واپس نہیں لی گئی اور وہ مایوس ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ’ٹائم آؤٹ‘سے متعلق کہا گیا ہے کہ کسی وکٹ گرنے یا بلے باز کے ریٹائر ہونے کی صورت میں نئے بلے باز کو گیند کا سامنا کرنے کے لیے 2 منٹ کے اندر اندر تیار رہنا ہوگا بصورت دیگر آنے والا نیا بلے باز ’ٹائمڈ آؤٹ‘ ہو کر اپنی وکٹ کھو دے گا۔

عالمی کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی بلے باز کو ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قانون کے مطابق آؤٹ قرار دیا گیا۔

خیبرپختونخوا: کرک میں تھانہ خرم پر دہشتگردوں کا راکٹ حملہ

چین دنیا کا سب سے زیادہ قرض دینے والا ملک بن گیا

ہمایوں سعید کو شوبز کی لڑکیوں کا بڑا درد ہے، حبا علی خان