دنیا

غزہ: ممتاز فلسطینی کارکن احد تمیمی گرفتار

احد تمیمی کو رام اللہ کے قریب واقع قصبے نبی صالح میں تشدد اور دہشت گردی کے لیے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ترجمان اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے ممتاز فلسطینی کارکن احد تمیمی کو مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ 22 سالہ ممتاز فلسطینی کارکن احد تمیمی کو مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ احد تمیمی کو رام اللہ کے قریب واقع قصبے نبی صالح میں تشدد اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احد تمیمی کو مزید پوچھ گچھ کے لیے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ احد تمیمی کو اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا، اس کارروائی کا مقصد مغربی کنارے کے شمال میں ’دہشت گردی کی سرگرمیوں اور نفرت پر اکسانے والے مشتبہ افراد کو گرفتار کرنا تھا‘۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ جب خاتون کی گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ایک سیکیورٹی ذریعے نے انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی جو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی تھی جسے نوجوان خاتون سے منسوب کیا گیا تھا۔

عربی اور عبرانی میں لکھی گئی پوسٹ کے مطابق خاتون نے ہٹلر کا حوالہ دیتے ہوئے واضح طور پر شدید الفاظ میں اسرائیلیوں کے قتل عام کا مطالبہ کیا۔

فلسطینی کارکن کی والدہ نریمان التمیمی نے الزام رد کیا کہ یہ پوسٹ ان کی بیٹی نے تحریر کی تھی۔

نریمان التمیمی نے بتایا کہ بیٹی کے نام پر اس کی تصویر کے ساتھ کئی (آن لائن) پیجز ہیں، جن سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا زیر بحث انسٹاگرام اکاؤنٹ دراصل احد تمیمی کا ہے جو کہ آج صبح بلاک کر دیا گیا۔

احد تمیمی 14 سال کی عمر میں اس وقت مشہور ہوئیں جب انہیں ایک اسرائیلی فوجی کے ہاتھوں اپنے بھائی کو گرفتار کرنے سے بچایا تھا اور اس کی ویڈیو سامنے آگئی تھی۔

اب وہ فلسطینی کے تنازع کے لیے آواز اٹھانے والی بڑی شخصیت بن چکی ہیں اور مقبوضہ بیت المقدس کے قریب مغربی کنارے کے ساتھ اسرائیلی علیحدگی کی دیوار پر ان کا ایک بڑا پورٹریٹ پینٹ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انہیں 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا اور مغربی کنارے میں اپنے خاندانی گھر کے صحن میں دو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے پر 8 ماہ تک قید میں رکھا گیا تھا۔

اسرائیل نے غزہ پر 7 اکتوبر کو شروع کی گئی بمباری کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی کی ہیں اور دعویٰ ہے کہ ان افراد کا تعلق حماس سے ہے۔

8 فروری کا سورج بلاول بھٹو کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا، آصف زرداری

صلاح الدین ایوبی کیلئے کاسٹ کرنے کے باوجود پاکستانی اداکاروں کو کام نہیں دیا گیا، شہیرا جلیل

ورلڈ کپ: بھارت سے بدترین شکست کے بعد سری لنکا نے کرکٹ بورڈ کو فارغ کردیا