اقبال اور فلسطین
علامہ اقبال کے مجموعہ کلام ’ضرب کلیم‘ میں ایک نظم ’شام و فلسطین‘ کے عنوان سے شامل ہے۔ اس نظم میں اقبال فرماتے ہیں:
چنانچہ اقبال کی رائے میں فلسطین عربوں کا ہے اور اگر کوئی فلسطینی سرزمین پر یہودیوں کے حق کی اس لیے وکالت کرتا ہے کہ وہ فلسطین سے نکالے گئے تھے تو پھر یہی حق ہسپانیہ (اسپین) کے عربوں کو بھی ملنا چاہیے کیونکہ انہیں بھی ہسپانیہ سے جلاوطن کر دیا گیا تھا۔
اقبال کو فلسطین کے مسلمانوں سے گہری ہمدردی تھی کیونکہ ان کا خیال تھا کہ اسلام تمام رنگ و نسل، خطوں اور سرحدوں سے بالاتر ہے۔ اگرچہ اقبال کا انتقال 1938ء میں ہوا اور اسرائیل 1948ء میں بنا لیکن اقبال مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت کو قریب سے دیکھ رہے تھے۔ مغربی ممالک فلسطین میں یہودیوں کو زمینیں دینے پر تلے ہوئے تھے اور ان تمام وعدوں کو پامال کررہے تھے جو انہوں نے مذاکرات کے دوران کیے تھے۔
احمد ڈار اپنی کتاب ’انوار اقبال‘ میں لکھتے ہیں کہ 30 دسمبر 1919ء کو لاہور کے مشہور موچی دروازے کے باہر ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقبال نے ایک قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ برطانوی حکومت نے مشرق وسطیٰ میں مسلمانوں کی سرزمین کے حوالے سے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا جائے۔ اقبال نے زور دیا کہ کسی بھی مسلم سرزمین کا کوئی حصہ کسی دوسرے کے حوالے نہیں کیا جانا چاہیے (صفحہ 42-43)۔
پیرس امن کانفرنس کے بعد عالمی امن کے قیام کے لیے ایک بین الاقوامی تنظیم کی ضرورت محسوس کی گئی۔ نتیجتاً 1920ء میں لیگ آف نیشنز کا قیام عمل میں آیا۔ بدقسمتی سے بڑی طاقتیں لیگ آف نیشنز کے معاملات پر غالب آگئیں کیونکہ اس تنظیم نے جو کچھ کرنا تھا اس کے پاس اس کے نفاذ کی کوئی حقیقی طاقت نہیں تھی۔
پہلی جنگ عظیم اور لیگ آف نیشنز کے قیام کے بعد مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس سے اقبال بہت مایوس تھے۔ اس پر انہوں نے چار مصرعے کہے جو بہت سخت تھے۔ ان میں لیگ آف نیشنز کو ’کفن دُزد چند‘ یا قبروں سے کفن چرانے والے چند لوگ کہا۔ یہ دو اشعار ’پیامِ مشرق‘ میں شامل ہیں، اقبال کی فارسی شاعری کا یہ مجموعہ پہلی متربہ 1923ء میں شائع ہوا تھا۔ اقبال نے کہا کہ:
[جہاں کا دکھ درد رکھنے والوں نے نئی بنیاد ڈالی ہے تاکہ دنیا سے جنگ کی ریت کو ختم کیا جائے لیکن میں اس سے زیادہ نہیں جانتا کہ کچھ کفن چورں نے قبروں کو آپس میں بانٹنے کے لیے ایک انجمن بنالی ہے۔]
عثمانی ترکوں نے اپنے دور حکومت میں یہودیوں کے ساتھ بہت زیادہ رواداری کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے یہودیوں کو مغربی دیوار [دیوار گریہ] کے سامنے عبادت کی اجازت بھی دی تھی۔ یہ قدیم دیوار یروشلم میں قبۃ الصخرہ کے قریب واقع ہے اور مسلمانوں میں دیوارِ براق کے نام سے مشہور ہے۔
ستمبر 1929ء میں اقبال نے انگریزوں کی یہود نواز پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک تقریر کی۔ محمد رفیق افضل نے اپنی کتاب ’گفتارِ اقبال‘ میں اسے نقل کیا ہے۔ اقبال نے کہا کہ ’ترک یہودیوں کے ساتھ غیر معمولی رواداری کا سلوک کرتے رہے۔ یہودیوں کی خواہش پر انہیں مخصوص اوقات میں دیوارِ براق کے ساتھ کھڑے ہوکر گریہ و بکا کرنے کی اجازت عطا کی۔ اس وجہ سے اس دیوار کا نام ان کی اصطلاح میں دیوارِ گریہ مشہور ہوگیا۔ شریعت اسلامی کی رو سے مسجد اقصیٰ کا سارا احاطہ وقف ہے۔ جس قبضے اور تصرف کا یہود اب دعویٰ کرتے ہیں قانونی اور تاریخی اعتبار سے اس کا حق انہیں ہرگز نہیں پہنچتا‘۔ (صفحہ 93)
لیگ آف نیشنز کا ہیڈ کوارٹر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں تھا اور برطانیہ یہودیوں کی حمایت کر رہا تھا۔ چنانچہ اقبال نے ’ضربِ کلیم‘ میں اپنی نظم ’فلسطینی عرب سے‘ میں اس کی طرف اشارہ کیا:
محمد حمزہ فاروقی نے اپنے ایک مضمون میں ذکر کیا ہے کہ علامہ اقبال نے 1931ء کے آخری چند ماہ میں لندن میں منعقدہ دوسری گول میز کانفرنس میں شرکت کی تاکہ ہندوستانی سیاست دانوں کے مطالبے کے مطابق وسیع تر خود مختاری کے لیے اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اُن دنوں متمر العالم الاسلامی یا ورلڈ مسلم کانگریس صیہونی خطرے پر بحث کے لیے ایک کانفرنس منعقد کر رہی تھی۔ اقبال اس کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن کانفرنس چھوڑ کر یروشلم گئے۔
اقبال نے دیگر کئی مواقع پر فلسطینی موقف کی حمایت کی تھی۔ جگہ کی کمی کی وجہ سے ہم یہاں بہت کچھ بیان نہیں کرسکتے لیکن اقبال کا 7 اکتوبر 1937ء کا خط جو محمد علی جناح کے نام لکھا گیا تھا، چشم کشا ہے۔ اقبلا لکھتے ہیں ’فلسطین کا مسئلہ مسلمانوں کے ذہنوں کو بہت پریشان کر رہا ہے۔ ۔۔۔مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ لیگ اس مسئلے پر ایک ٹھوس قرارداد منظور کرے گی اور قائدین کی ایک نجی کانفرنس کا انعقاد کرکے کسی ایسے مثبت قدام کا فیصلہ کرے گی جس میں عوام بڑی تعداد میں شریک ہوسکیں۔ اس طرح لیگ بھی مقبول ہوگی اور فلسطینی عربوں کی مدد بھی ہوسکے گی۔ ذاتی طور پر مجھے کسی ایسے معاملے پر جیل جانے پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا جس سے اسلام اور ہندوستان دونوں متاثر ہوں‘۔ (ص27)
اقبال اس وقت بیمار تھے اور چھے ماہ کے اندر ان کا انتقال ہوگیا لیکن اس وقت بھی وہ فلسطین کے معاملے پر جیل جانے کے لیے تیار تھے۔
یہ مضمون 30 اکتوبر 2023ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔
لکھاری جامعہ کراچی کے شعبہ اردو میں پروفیسر اور اردو ڈکشنری بورڈ کے چیف ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔