لائف اسٹائل

غزہ میں پانی اور بجلی سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑانے والے اسرائیلی ٹک ٹاکرز کی ویڈیوز وائرل

وائرل ویڈیوز پر اداکار عثمان خالد بٹ اور سماجی رہنما اور لکھاری فاطمہ بھٹو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی ٹک ٹاکرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

غزہ میں پانی اور بجلی سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑانے والے اسرائیلی ٹک ٹاکرز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر اداکار عثمان خالد بٹ اور سماجی رہنما اور لکھاری فاطمہ بھٹو سمیت متعدد دیگر صارفین شدید تنقید کررہے ہیں۔

کئی دہائیوں سے اسرائیلی فورسز کے ظلم کے شکار فلسطینی شہری گزشتہ تین ہفتے سے انتہائی مشکل زندگی بسر کررہے ہیں، 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اچانک اسرائیلی قصبے پر حملہ کرنے کے بعد اسرائیلی فورسز غزہ پر مسلسل بمباری کررہی ہیں جس کے نتیجے میں 7 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

مسلسل بمباری کے نتیجے میں غزہ آج پانی، بجلی اور خوراک سے محروم اور لاشوں کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔

دوسری جانب کچھ اسرائیلی ٹک ٹاکرز ’بے حسی‘ کی مثال قائم کرتے ہوئے پانی، بجلی اور خوراک سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں، اسرائیلی ٹک ٹاکرز نے ویڈیو میں اپنے بچوں کو بھی شامل کرتے ہوئے فلسطینیوں کی محرومیوں کا مذاق اڑایا ہے۔

الجزیرہ کی جانب سے شئیر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی ٹک ٹاکرز اپنے کمرے کی لائٹ بار بار آن/آف کررہے ہیں، کچھ ویڈیو میں انہیں نلکے سے پانی پیتےاور ضائع کرتے بھی دیکھا گیا۔

ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی خاتون ٹک ٹاکر فلسطینی خواتین کے جیسا لباس پہن کر کیچپ، پاؤڈر اور میک اپ کے ذریعے اپنے چہرے پر جعلی خون کے دھبے بناتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ غزہ میں زخمی بچوں اور خواتین کا مزاق اڑا رہی ہیں۔

ایوا نامی اسرائیلی میک اپ آرٹسٹ اپنی ویڈیو میں فلسطینی ماؤں کا مزاق اڑا رہی ہیں، اپنی ویڈیو میں ٹک ٹاکر ہاتھ میں گریپ فروٹ لیے یہ دکھانے کی کوشش کرہی ہیں کہ اصل میں فلسطینی ماؤں کے بچے مارے نہیں جارہے۔

غزہ میں پانی، خوراک اور بجلی سے محروم فلسطینیوں کا مذاق اڑانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسرائیلی ٹک ٹاکرز کو شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اداکار عثمان خالد بٹ نے لکھا کہ جب بھی کوئی شخص اسرائیلیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرے تو آپ یہ ویڈیوز ان کے ساتھ شیئر کریں۔

سماجی رہنما اور لکھاری فاطمہ بھٹو نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کوئی برابری نہیں ہے، کوئی اخلاقی مساوات نہیں ہے، میڈیا میں غیرجانبداری نہیں ہے، اگر کچھ ہے تو بجلی، بھوک، پانی اور طبی امداد سے محروم غزہ کے متاثرین کو دیکھ کر جوہری سپر پاور ممالک کے شہری لطف اندوز ہورہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اب میٹا اور ٹک ٹاک نے ان فضول ویڈیوز کو ابھی تک شیڈو بین نہیں کیا۔‘

دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ سے متعلق ویڈیوز پوسٹ کرنے والے متعدد اکاؤنٹس کو بھی بند کردیا گیا ہے، حال ہی میں 60 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے اکاؤنٹ @eyes.on.palestine کو بھی انسٹاگرام کی جانب سے بند کردیا گیا تھا۔

اس سے متعلق میٹا کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کی ممکنہ کوشش معلوم ہونے کے بعد اکاؤنٹ کو بند کردیا ہے۔

آج کا اسرائیل گولڈا میئر کے بیان کا کیا جواب دے گا؟

تربوز فلسطینیوں کے لیے مزاحمت کیسے بنا؟

مسجد اقصیٰ کے مناظر کے ساتھ ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پہلا ٹیزر جاری