ورلڈ کپ: روی شاستری کے بیان کے بعد وسیم اکرم کا شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کے بیان کے بعد پاکستان کے مایا ناز سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو اچھی باؤلنگ اور اپنی فارم میں واپس آنے کا مشورہ دے دیا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ روی شاستری نے کہا تھا کہ اس بات سے قطع نظر کہ پاکستانی شائقین اور کچھ کرکٹ ماہرین شاہین شاہ آفریدی کی کتنی ہی تعریف کریں، مگر اُن کا اور وسیم اکرم کا کوئی موازنہ نہیں ہو سکتا۔
پاک بھارت میچ کے دوران روی شاستری نے کمنٹری کے دوران کہا تھا کہ ’شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ وسیم اکرم نہیں ہیں، شاہین اچھا باؤلر ہے لیکن اس کی اتنی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کسی کو یہ کہنے پر مجبور کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ شاہین ایک ناقابل یقین باؤلر ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’آپ کو یہ ماننا پڑے گا کہ اگر نسیم شاہ نہیں کھیل رہے اور پاکستان کی اسپن باؤلنگ کا معیار بھی کوئی خاص نہیں تو شاہین شاہ آفریدی کوئی وسیم اکرم نہیں ہے، اگر کوئی کرکٹر صرف اچھا ہے تو ہمیں اپنی تعریف صرف یہ کہنے تک محدود رکھنی چاہیے کہ وہ اچھا کرکٹر ہے۔‘
روی شاستری کے بیان کے بعد گزشتہ روز وسیم اکرم نے مقامی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی کو مشورہ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہین اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں، ظاہر ہے کہ ان کا اعتماد تھوڑا کم ہوگا لیکن وہ وکٹ لینے والا باؤلر ہے، اگر وکٹیں نہیں مل رہیں تو نارمل رہیں اور کچھ بھی غیر معمولی کرنے کی کوشش نہ کریں۔‘
انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیا کہ ’نارمل روٹین رکھیں، نارمل پریکٹس کریں، مجھے یقین ہے کہ ایک اچھا اسپیل اور نئی گیند کے ساتھ وہ دوبارہ وکٹیں لیں گے اور اپنی فارم میں واپس آجائیں گے۔‘
پاکستان نے ورلڈ کپ ایونٹ کے دوران اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں قومی ٹیم کو دو میچز میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم اپنا چوتھا میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کے بقیہ میچز کا شیڈول
20 اکتوبر - بنگلورو میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا
23 اکتوبر - چنئی میں پاکستان بمقابلہ افغانستان
27 اکتوبر - چنئی میں پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
31 اکتوبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
4 نومبر - بنگلورو میں پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
11 نومبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستانی اسکواڈ
بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، افتخار احمد، محمد رضوان، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، ایم وسیم جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، سلمان علی آغا
رزیور پلیئرز: محمد حارث، ابرار احمد، زمان خان