کھیل

پاک-بھارت میچ: احمد آباد میں کرکٹ بخار، ہسپتالوں میں رات ٹھہرنے والے مریضوں کا اچانک رش

ہم نے اپنے اراکین کو ایسے افراد کو سہولت فراہم نہ کرنے کو کہا ہے جو میچ دیکھنے جا رہے ہیں کیونکہ ہسپتال مریضوں کے لیے ہیں، احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن

بھارت کا شہر احمد آباد مکمل طور پر کرکٹ کے بخار کی لپیٹ میں آگیا ہے جہاں ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاک-بھارت ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی ہے اور قریبی ہسپتال بھی بھر گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچوں میں سے ایک سے قبل بھارت کے مغربی شہر احمد آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قریبی ہسپتالوں میں اتفاقیہ طور پر طبی معائنے کے لیے آنے والے ان مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جو رات گزاریں گے۔

مقامی میڈیا کو کئی ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں چیک اپ کے پیکیجز سستے ہیں جبکہ میچ سے قبل ہوٹلوں کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر توشار پٹیل نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ چند لوگ جو پاک-بھارت میچ دیکھنے آرہے ہیں وہ بھی طبی معائنے کے لیے اپائنٹمنٹ لے رہے ہیں اور ہسپتال میں ٹھہر رہے ہیں۔

احمد آباد کے ہسپتالوں اور نرسنگ ہومز ایسوسی ایشن نے اپنے اراکین کو اس طرح کے شائقین کو سہولت فراہم نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر بھارت گدھاوی نے کہا کہ ہم نے اپنے اراکین کو کہا ہے کہ اس طرح کی درخواستوں پر خدمات فراہم نہ کریں، ہسپتال ان لوگوں کے لیے نہیں ہے جو بیمار نہیں ہیں۔

پڑوسی ممالک کے درمیان تین جنگیں

پاکستان اور بھارت کے درمیان 1947 کی تقسیم کے بعد اب تک 3 جنگیں لڑی جا چکی ہیں اور 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے۔

ان واقعات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ کرکٹ مقابلے بھی ختم ہوگئے اور دونوں ٹیمیں صرف ورلڈ کپ یا اسی طرح کے بڑے ایونٹس میں مدمقابل ہوتی ہیں، جس کا شائقین کو بے چینی سے انتظار ہوتا ہے۔

پاکستان اور بھارت نے ورلڈ کپ میں اب تک اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت کو پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل ہے۔

ہفتے کو شیڈول روایتی حریف ٹیموں کے میچ کے لیے پہلے مرحلے پر ٹکٹیں اگست میں صرف ایک گھنٹے کے اندر فروخت ہوگئی تھیں، جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو رواں ماہ کے شروع میں مزید 14 ہزار ٹکٹوں کا اجرا کرنا پڑا تھا۔

احمد آباد کے شہری ہمیش پٹیل اور ان کے دوستوں کا کہنا تھا کہ کئی دنوں کی ناکام کوششوں کے بعد انہیں 4 ٹکٹ ملے تھے، جن کی قیمت فی ٹکٹ 6 ہزار بھارتی روپے (72.15 ڈالر) تھی اور آن لائن ٹکٹ خریدنے کے لیے ہم نے کئی ڈیوائسز سے کوششیں کی تھیں۔

ہمیش پٹیل کا کہنا تھا کہ ہم ویب سائٹ مستقل ریفریش کر رہے تھے اور ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے کے 10 منٹ بعد ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہوگئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاک-بھارت میچ کے ٹکٹوں کی قیمت دوبارہ فروخت پر اصل قیمت سے 25 گنا زیادہ بڑھ گئی ہے اور احمد آباد پولیس نے 4 نوجوانوں کو جعلی ٹکٹوں کی فروخت کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

احمد آباد کے لیے پروازوں کی ٹکٹ بھی 4 گنا مہنگے ہوگئے ہیں اور بھارتی ریلوے ممبئی اور احمد آباد کے درمیان سپرفاسٹ 4 ریلیں چلائے گا۔

موزوں مقام

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے جہاں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آئے تھے اور رواں برس کے شروع میں آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کی میزبانی اس اسٹیڈیم کے حصے میں آئی تھی اور بڑی تعداد کی گنجائش کے باعث روایتی حریف ٹیموں کے میچ کے لیے یہ اسٹیڈیم ایک موزوں مقام ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہفتے کو میچ سے قبل موسیقی کا پروگرام ہوگا جہاں امیتابھ بچن، رجنی کانت اور بالی ووڈ کے دیگر بڑے اسٹارز بھی شریک ہوں گے۔

احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے بتایا کہ ہفتے کو میچ کے پیش نظر شہر کو ’نو ڈرون زون‘ قرار دیا گیا ہے اور بڑے میچ کے لیے 11 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ 2016 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کا دورہ کر رہی ہے اور رواں ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچز حیدرآباد میں کھیلے ہیں جہاں ٹیم کا زبردست استقبال کیا گیا تھا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک ہونے والے میچوں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو یک طرفہ ہے جہاں بھارت نے تمام 7 میچوں میں قومی ٹیم کو زیر کرلیا ہے۔

روایتی حریف ٹیموں کے مقابلوں کو برطانوی مصنف جارج آرویل کے کھیلوں کی سیریز کے تصور سے تشبیہ بھی دی جاتی ہے، جس کو فائرنگ کے بغیر جنگ کہا جاتا ہے تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں دوستانہ تعلقات ہیں۔

سری لنکا میں گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ کو ان کے بچے کی پیدائش پر تحفہ دیا تھا اور اس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی کے سسر لیاقت خان کے لیے یہ موقع بڑا اسپیشل ہے کیونکہ ان کی بیٹی کی پاکستانی فاسٹ باؤلر سے شادی کے بعد ٹیم کا بھارت کا پہلا دورہ ہے اور احمد آباد میں میچ کھیلے گی۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کو لیاقت خان نے بتایا کہ میری اہلیہ 2021 میں پاکستان گئی تھیں جب میری بیٹی کے ہاں پہلا بچہ ہوا تھا، ہم اب دوبارہ ملیں گے اور اپنے بیٹی کے بچوں سے ملنے کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہوں۔

اگر ہمیں معاشی ترقی کرنی ہے تو سیاسی استحکام لانا پڑے گا، شہباز شریف

خواتین کا پورا لباس نہ پہننا مرد کو ہراساں کرنا ہے، خلیل الرحمٰن قمر

اسرائیل کی غزہ پر کارروائی ’بلاتفریق اجتماعی سزا‘ کے مترادف ہے، ماہرین اقوام متحدہ