لائف اسٹائل

ہولی وڈ و بولی وڈ شخصیات کا بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد متعدد ہولی وڈ اور بولی وڈ شخصیات نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جلد امن قائم ہونے کی دعا کی۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی لڑائی میں ایک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت اور سوا لاکھ افراد کے بے گھر ہونے پر جہاں دنیا بھر کے سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں نے اظہار مذمت کیا ہے، وہیں شوبز شخصیات بھی اپنی رائے کا اظہار کرتی دکھائی دیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد متعدد ہولی وڈ اور بولی وڈ شخصیات نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جلد امن قائم ہونے کی دعا کی۔

فلسطینیوں کے سپورٹر کے طور پر مشہور ہولی وڈ اداکار مارک رفالو نے اپنی ٹوئٹ میں حملوں سے متاثر غزہ کے شہریوں کو معصوم قرار دیتے ہوئے ان کی خیریت کی دعا کی، ساتھ ہی انہوں نے حملوں سے متاثر تمام عام شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

الجزائر نژاد امریکی ماڈل یونس بیجما نے بھی فلسطینیوں کے حق میں انسٹاگرام پوسٹ کی اور اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ دنیا یوکرینی افراد کو آزادی کی جنگ لڑنے والے افراد لکھتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو دہشت گرد لکھا جاتا ہے؟

انہوں نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ 2008 سے اسرائیلی فوج 33 ہزار فلسطینی بچوں کو قتل کر چکی ہے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ اسرائیل کی وحشت کو سفاکانہ اور غیر انسانی عمل ہی قرار نہیں دیا جاتا۔

نیوزی لینڈ کے رگبی کھلاڑی اور ماڈل سونی بل ولیمز نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی خیریت کی دعا اور اپنی ٹوئٹ میں فلسطین کا جھنڈا بھی شامل کیا۔

بولی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے دوغلے پن پر حیرانی کا اظہار کیا کہ اب اندھے لوگوں کو کیسے اسرائیل پر حملے نظر آرہے ہیں؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ دوسروں پر ظلم ڈھانے اور دوسروں پر حملے کرنا والا کب سے مظلوم بن گیا؟ انہوں نے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کرنے والے افراد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہیں اندھا بھی قرار دیا۔

بولی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسٹاگرام پوسٹ کی اور لوگوں کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اگر کسی نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے کبھی نہ ختم ہونے والے مظالم، گھروں پر قبضے اور حملے، بچوں، خواتین اور نوعمر افراد کے قتل، اسکولوں، ہسپتالوں اور گھروں پر کی جانے والی بمباری پر کبھی دکھ اور افسوس کا اظہار نہیں کیا اور اب اسرائیل پر حماس کے حملوں پر انہیں دُکھ ہو رہا ہے تو وہ منافق لوگ ہیں۔

غزہ کی ’مکمل‘ ناکہ بندی، پانی کی فراہمی معطل، اسرائیلی کارروائیوں سے سیکڑوں فلسطینی جاں بحق

’ہم کہاں جائیں!‘ اسرائیل کے ’اعلان جنگ‘ کے بعد غزہ کے مکینوں کیلئے نقل مکانی کرنا مشکل

صبا قمر سمیت دیگر اداکاروں کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی