ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، میڈیا رپورٹس
دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل کرکٹ کا عالمی میلہ بھارت میں سج گیا ہے جہاں دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں ایک ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مدمقابل ہوں گی لیکن غیر متوقع طور پر یہ بات سامنے آئی کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے افتتاحی تقریب کے انعقاد کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔
یہ بات منگل کے روز بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتائی گئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس معاملے سے باخبر ذرائع نے تصدیق کی کہ ورلڈ کپ کے لیے افتتاحی تقریب کا کوئی منصوبہ بنایا ہی نہیں گیا تھا۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انڈین پریمیئر لیگ میں آپ مختصر افتتاحی تقریب کر سکتے ہیں کیونکہ میچ شام میں شروع ہوتا ہے لیکن یہاں ورلڈ کپ کا میچ دوپہر میں شروع رہا ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی نے بدھ کے روز نریندر مودی اسٹیڈیم میں ’کیپٹینز ڈے‘ تقریب کا انعقاد کیا تھا۔
دوسری جانب ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 4 اکتوبر کو کیپٹینز ڈے کی تقریب منعقد کی گئی جہاں تمام ٹیموں کے کپتانوں سے سابق بھارتی اور انگلش کھلاڑیوں روی شاستری اور ایون مورگن نے بات چیت کی اور مختلف سوالات پوچھے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جب بھارتی کپتان روہت شرما سے سوال کیا گیا کہ گزشتہ تین ورلڈ کپ میزبان ممالک نے جیتے تو انہوں نے ہوم گراؤنڈ کے عنصر کو غیر اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہے بھارت میں کھیل رہے ہوں یا بیرون ملک، ہماری ٹیم اس دباؤ میں کھیلنے کی عادی ہے، ایک کھلاڑی کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب تک آپ کھیل کے میدان میں ہیں، آپ کو دباؤ جھیلنا پڑتا ہے۔
روہت شرما نے کہا تھا کہ ہم سب کچھ ایک طرف رکھ کر صرف اس بات پر توجہ دے رہے ہیں کہ ہم بحیثیت ٹیم کیا کرنا چاہتے ہیں، ہم توقعات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں کیونکہ وہ تو ہم سے ہمیشہ ہی وابستہ ہوتی ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں مختصر باؤنڈریز اور بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹوں کو باؤلرز کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں اور باؤلرز کے لیے کوئی مارجن نہیں، اگر باؤلنگ میں تھوڑی بہت بھی غلطی ہوئی تو بیٹسمین اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے لہٰذا ہمیں میچوں میں بڑے اسکورز دیکھنے کو ملیں گے۔
نسیم شاہ کی خدمات سے محروم ہونے کے بعد پاکستانی باؤلنگ اٹیک مشکلات سے دوچار نظر آتا ہے تاہم اس کے باوجود بابر نے باؤلرز پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تین سال سے کم و بیش اسی ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور میرا خیال ہے کہ باؤلنگ اب بھی ہماری قوت ہے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جب کہ پاکستان اپنا پہلا میچ کل نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے گا۔