کھیل

بھارت پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کا ’شاندار استقبال‘، ذکا اشرف بھی معترف

ورلڈ کپ میں شریک ٹیم کا استقبال دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کے لیے باہمی محبت کا ثبوت ہے، سربراہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے والی پاکستانی ٹیم کے شاندار استقبال کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم کو پورے ٹورنامنٹ کے دوران اسی طرح گرم جوشی ملتی رہے گی۔

ذکا اشرف کا یہ بیان ان کی حال ہی میں وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کسی بھی ملک کے دورے کے دوران کھلاڑیوں کے بلند حوصلے کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا چاہے وہ ملک جہاں ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہو، وہ دشمن ہی کیوں نہ ہو، اگرچہ انہوں نے واضح طور پر بھارت کا نام نہیں لیا لیکن ان کے بیان کو پڑوسی ملک کے حوالے سے سمجھا کیا گیا۔

وائرل ویڈیو میں ذکا اشرف کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ہم نے یہ سینٹرل کنٹریکٹ اپنے کھلاڑیوں کو بہت احتیاط اور پیار کے ساتھ دیے ہیں، پاکستانی تاریخ میں آج تک کسی نے اتنی بڑی رقم کھلاڑیوں کے لیے مختص نہیں کی جتنی میں نے کی، میرا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ جب ہمارے کھلاڑی مقابلے کے لیے سفر کریں تو ان کے حوصلے بلند رہیں، چاہے وہ مقابلہ دشمن ملک میں ہو یا دنیا کے کسی اور ملک میں۔

جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں ان کے لہجے میں نرمی نظر آئی، ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کے لیے باہمی محبت کا ثبوت ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ جب بھی بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو وہ روایتی حریف نظر آتے ہیں لیکن دشمن نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ زکا اشرف نے ذاتی طور پر بھارت کو اس قسم کے استقبال پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پورے ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹرز کا اسی گرم جوشی سے استقبال کیا جائے گا اور بھارتی شائقین کو پاکستانی کھلاڑیوں کا بہترین کھیل دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ تاریخی طور پر جب بھی پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا، ان کا پرتپاک اور گرم جوشی سے استقبال کیا گیا اور بالکل اسی طرح بھارتی ٹیموں کا پاکستان میں استقبال کیا جاتا تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ نے دونوں ممالک کو متحد کرنے کا کردار ادا کیا، دونوں ممالک کے کھلاڑی بھارت اور پاکستان کے شائقین میں مقبول اور محبوب ہیں۔

ذکا اشرف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچوں نے مسلسل عالمی توجہ حاصل کی ہے جس کی وجہ سے وہ دیگر مقابلوں سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ کرکٹ کی بحالی کے لیے خواہش کا اظہار کیا اور مستقبل قریب میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کی امید بھی ظاہر کی جس کے دوران پاکستان بھارت کی جانب سے دی جانے والی گرمجوشی اور پیار کا بدلہ دے سکے۔

اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت میں ہے، یہ ایونٹ ہر چار سال بعد ہوتا ہے۔

میگا ایونٹ بھارت میں 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک منعقد ہوگا، ٹورنامنٹ میں پاکستان کا افتتاحی میچ 6 اکتوبر کو ہالینڈ کے خلاف حیدر آباد میں شیڈول ہے جب کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ وارم اپ میچ: گوہاٹی میں ٹاس کے بعد بارش کے باعث بھارت، انگلینڈ میچ ختم

’ٹائٹینک‘ کا ملبہ دیکھنے کیلئے سمندر میں ڈوبنے والے افراد کے واقعے پر فلم بنانے کا اعلان

سندھ: ہر نجی اسکول کے 10 فیصد طلبہ کو مفت تعلیم دینے کے قانون پر ایک ہفتے میں عملدرآمد کی ہدایت