کھیل

آئی سی سی چیئرمین، چیف ایگزیکٹو 30 مئی کو پاکستان پہنچیں گے

گریگ بارکلے، 2008 میں آئی سی سی کے صدر رے مالی کے دورے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے آئی سی سی چیئرمین ہوں گے، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس 30 مئی (منگل) کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گریگ بارکلے، 2008 میں آئی سی سی کے صدر رے مالی کے دورے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے آئی سی سی چیئرمین ہوں گے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اکتوبر 2004 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب آئی سی سی کے دونوں اعلیٰ عہدیداران ایک ساتھ پاکستان کرکٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے۔

پی سی بی نے مزید کہا کہ جیف ایلارڈائس نے پہلے آئی سی سی کے جنرل منیجر (کرکٹ) اور پھر بطور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو باقاعدگی سے ملک کا دورہ کیا ہے۔

دونوں عہدیداران منگل (30 مئی) کی صبح لاہور پہنچیں گے اور پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسر بیرسٹر سلمان نصیر اور بورڈ کے دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ حکام کا یہ دورہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے درمیان ہو رہا ہے۔

دوطرفہ کرکٹ گزشتہ دہائی کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان تلخ سیاسی تعلقات کی وجہ سے نقصان میں ہے اور دونوں پڑوسی ممالک اب صرف غیر جانبدار مقامات پر ملٹی ٹیم ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتے ہیں۔

بھارت نے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ستمبر میں ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا ہے اور پی سی بی نے انہیں متحدہ عرب امارات میں اپنے میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے جسے “’ہائبرڈ ماڈل‘ کا نام دیا گیا ہے۔

دریں اثنا نجم سیٹھی نے کہا کہ اس بات کا بہت حقیقی امکان ہے کہ اگر پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھو دیتا ہے تو وہ اس سال کے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کردے گا۔

فیڈریشن چیف کےخلاف احتجاج میں شدت، ٹاپ بھارتی ریسلرز کو حراست میں لے لیا گیا

عماد وسیم، اعظم خان امریکی لیگ میں کھیلنے کیلئے پی سی بی کی اجازت کے منتظر

کبریٰ خان نے ہولی ووڈ کی کونسی فلم میں کام کیا؟ اداکارہ نے تفصیلات بتادیں