کھیل

پاکستان کا ورلڈ کپ میچز بھارت سے غیرجانبدار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ

بھارت اگر ایشیا کپ کے میچز کے لیے غیرجانبدار مقام یاہائبرڈ ماڈل کا خواہاں ہے تو ہم بھی ورلڈ کپ میں اسی طرح کا ماڈل استعمال کریں گے، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ورلڈ کپ کے اس کے میچز بھارت سے غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)، ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کے میچوں کا شیڈول یا مقامات کی فہرست جاری کرنے میں ناکام ہوا ہے جبکہ ورلڈ کپ اکتوبر میں شروع ہوگا۔

ورلڈ کپ کے آغاز کے لیے 6 ماہ سے کم عرصہ رہ گیا ہے لیکن تاحال صورت حال غیر معمولی رخ اختیار کرچکی ہے۔

بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات تاحال واضح نہیں ہیں جبکہ دونوں روایتی حریف ممالک کے کرکٹ بورڈز اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سفارتی سطح پر دونوں ممالک کے حالات خوشگوار نہیں ہیں۔

پاکستان ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں بھارت بھی شامل ہے تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات سامنے آرہے ہیں۔

آئی سی سی کے امیر ترین بورڈ بی سی سی آئی کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا جاتا رہا ہے اور اس کے لیے سفارتی تعلقات اور سیکیورٹی صورت حال کو بنیادی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔

بی سی سی آئی نے ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ میں ان کے میچز پاکستان سے باہر منتقل کردیے جائیں، جبکہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اس حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مفاہمانہ تجاویز پیش کی ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ’اگر اب بھارت غیر جانبدار مقامات کا خواہاں ہے اور ہائبرڈ ماڈل تسلیم کرتا ہے تو پھر ہم اسی طرح کا ہائبرڈ ماڈل ورلڈ کپ میں استعمال کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ وہ اپنے میچز بنگلہ دیش یا بھارت کی منشا کے کسی دوسرے مقام پر کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ماڈل دونوں ممالک کے درمیان جاری اس سیاسی تنازع کا بہتر حل ہے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی سربراہی بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کر رہے ہیں۔

نجم سیٹھی نے بھارتی بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مرکزی حکومت کے سامنے اپنے مؤقف پر ڈٹ جائیں اور زور دیا کہ بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دیں کیونکہ یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی مشہور صحافی ہیں اور اس سے قبل بھی پی سی بی کی سربراہی کرچکے ہیں اور انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے نجم سیٹھی کے بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔

نیب ترامیم کیس: سپریم کورٹ نے 16 مئی کو درخواست پر سماعت مقرر کردی

شوہر نے مجھ سے شادی سے قبل پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی، غنا علی

پی ڈی ایم کا پیر کو سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج اور دھرنے کا اعلان