لائف اسٹائل

ایرن ہالینڈ کی اردو سب کو بھا گئی

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایرن ہالینڈ کئی سال سے پی ایس ایل کا حصہ ہیں اور وہ ہر سال ایونٹ میں میزبانی کے فرائض سر انجام دیتی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں میزبانی کے فرائض سر انجام دینے والی آسٹریلوی پریزنٹر، سابق حسینہ اور ماڈل ایرن ہالینڈ کی جانب سے پاکستان کی قومی زبان اردو میں بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ایرن ہالینڈ کئی سال سے پی ایس ایل کا حصہ ہیں اور وہ ہر سال ایونٹ میں میزبانی کے فرائض سر انجام دیتی ہیں۔

پی ایس ایل 8 میں بھی وہ عروج ممتاز اور ثنا میر سمیت دیگر میزبان اور سابق کھلاڑیوں کے ساتھ دیسی انداز میں دکھائی دیتی ہیں اور ان کے فیشن اور لباس کو کافی سراہا جا رہا ہے۔

حال ہی میں ایرن ہالینڈ نے کرکٹ گراؤنڈ میں سابق کرکٹر اور میزبان عروج ممتاز کے ساتھ بنائی گئی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں آسٹریلوی حسینہ کو انگریزی انداز میں اردو بولتے دیکھا گیا۔

ایرن ہالینڈ نے ویڈیو کے آغاز میں انگریزی میں بتایا کہ انہوں نے عروج ممتاز سے اردو سیکھی ہے۔

آسٹریلوی میزبان نے اردو بولتے وقت مشکل الفاظ اور جملوں کے بجائے آسان الفاظ کا انتخاب کیا اور سب سے پہلے انہوں نے ایک سے 10 تک ہندسے سنائے اور پھر مذاق میں کہا کہ اب بس۔

لیکن بعد ازاں عروج ممتاز کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد انہوں نے دیگر جملے بھی بولے اور لوگ ان کی اردو سے محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔

ایرن ہالینڈ نے ’بارش ہو رہی ہے اور یہ مسئلہ ہے‘ جیسے جملے بھی بولے، جس پر مداحوں نے ان کی تعریفیں کیں۔

لوگوں نے ان کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے انداز اور اردو بولنے کی تعریف کی اور ساتھ ہی انہیں تجاویز دیں کہ اگر وہ ایسے ہی بولنے کی کوشش کرتی رہیں تو ایک دن اردو سیکھ جائیں گی۔

اسی طرح بعض لوگوں نے ان کے اردو بولنے پر مزاحیہ میمز بھی شیئر کیے اور ان کے انداز کو دل لبھانے والا قرار دیا۔

بعض صارفین نے ایرن ہالینڈ کی اردو کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھی طالبہ جب کہ عروج ممتاز کو اچھی استانی بھی قرار دیا۔

بچے ضائع کروانے کے الزامات جھوٹے ہیں، حریم شاہ

بھارتی اداکارہ رینا رائے سے شادی اور طلاق پر افسوس نہیں، محسن خان

ملالہ کے پاکستانی انداز میں انگریزی بولنے پر تنازع