لائف اسٹائل

فضیلہ قاضی کا شوبز شخصیات کو ایک دوسرے کے خلاف قانونی جنگ نہ کرنے کا مشورہ

تمام فنکاروں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے، کوئی دوسرے کے خلاف برا نہ بولے اور خود کو بہتر شخص کے طور پر منوائے، سینئر اداکارہ

سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کسی بھی شوبز شخصیات کا نام لیے بغیر تمام شخصیات کو ایک دوسرے کی عزت کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف قانونی کارروائیاں نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

فضیلہ قاضی نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے کو ڈیجیٹل وار قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ تمام فنکاروں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے، کوئی دوسرے کے خلاف برا نہ بولے اور خود کو بہتر شخص کے طور پر منوائے۔

فضیلہ قاضی نے تمام شخصیات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہئیے کہ وہ ایک دوسرے کو قانونی نوٹسز نہ بھیجیں اور عزت کے ساتھ رہیں اور ایک دوسرے کا احترام کریں

اداکارہ کے مطابق رزق دینا خدا کے ہاتھ میں ہے، اس لیے کوئی کسی کو بے عزت نہ کرے اور احترام کے ساتھ رہیں۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کوئی سوشل میڈیا پر کسی کے نمبرز اور ایڈریسز شیئر کر رہا ہے تو بھی دوسروں کو صبر کرنا چاہئیے اور ایک دوسرے کے خلاف باتیں اور ڈیجیٹل جنگ نہیں کرنی چاہئیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ ایٹمی جنگ سے ڈرتے ہیں، اسی طرح ڈیجیٹل وار سے بھی ڈرنا چاہئیے، یہ بھی ایک طرح کی تباہی ہے اور ایسے بلکل نہیں ہونا چاہئیے، ہر کسی کو ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے صبح کے وقت جیسے ہی انسٹاگرام اکاؤنٹ کھولا تو انہیں نوجوان اداکاروں کی ایک دوسرے کے ساتھ لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا اور ان کا دل بھی خراب ہوا۔

فضیلہ قاضی نے کسی بھی اداکار کا نام لکھے بغیر تمام شخصیات کو مشورہ دیا کہ کوئی بھی کسی دوسرے کے ذاتی مسائل میں مداخلت نہ کرے اور ایک دوسرے کے ساتھ کام کریں، ایک دوسرے کا احترام کریں۔

فضیلہ قاضی نے مذکورہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں جاری کی، جب کہ فیروز خان نے ثروت گیلانی، شرمین عبید چنائے، یاسر حسین، ایمن خان، منال خان، میرا سیٹھی، منیب بٹ اور خالد عثمان بٹ سمیت دیگر شخصیات کو بدنام کرنے کے لیے 17 جنوری کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

فیروز خان کے وکیل نے بتایا تھا کہ تمام شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کے الزامات لگائے تھے اور تمام شخصیات نے شواہد کے بغیر اداکار کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس کی تھیں۔

اداکار کی جانب سے شوبز شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جن میں متعدد شخصیات کی ذاتی ایڈریس، نام اور موبائل نمبر سمیت دیگر معلومات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا تھا۔

قانونی نوٹسز میں ذاتی موبائل نمبر اور دیگر معلومات دیے جانے اور نوٹسز کو سوشل میڈیا پر وائرل کروانے پر متعدد شخصیات نے فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 18 جنوری کو انہیں نہ صرف بے وقوف قرار دیا تھا بلکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی تیاری کی دھمکی بھی دی تھی۔

اور بعد ازاں 19 جنوری کو متعدد شخصیات نے فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا تھا۔

اداکار منیب بٹ نے باقی شوبز شخصیات سے بازی لیتے ہوئے فیروز خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست بھی دائر کردی۔

علاوہ ازیں گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی فوری قدم اٹھاتے ہوئے فیروز خان کو جوابی نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر ان کی ذاتی معلومات کو عام کرنے پر 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، دوسری صورت میں انہیں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

بدنام کرنے پر فیروز خان نے سابق اہلیہ سمیت متعدد شوبز شخصیات کو نوٹس بھیج دیا

ذاتی معلومات اور نمبرز شیئر کرنے پر شوبز شخصیات فیروز خان پر برہم

شوبز شخصیات کا فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان