کھیل

فخر انجری کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر، حارث اسکواڈ میں شامل

فخر زمان گھٹنے کی انجری کے سبب عالمی کپ کے ابتدائی دو میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
Welcome

قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان انجری کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ نوجوان محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم سنگین مسائل سے دوچار ہے اور تین میچوں میں محض ایک فتح کے سبب ٹیم پر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

مزید پڑھیں: فخر زمان انجری کا شکار، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے باہر

اس دوران گرین شرٹس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور ایک عرصے سے انجری کا شکار فخر زمان اب ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

فخر زمان اسی انجری کے سبب عالمی کپ کے ابتدائی دو میچوں میں نہیں کھیل سکے تھے لیکن انہیں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں موقع دیا گیا تھا جس میں وہ واضح طور پر انجری کے سبب جدوجہد کرتے نظر آئے تھے۔

گھٹنے کی انجری کا شکار فخر کی جگہ نوجوان محمد حارث کو ان کے متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

گھٹنے کی اسی انجری کے باعث وہ میگا ایونٹ کے لیے اعلان کیے گئے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، انہیں لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ بعد میں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان ٹی20 رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ، سوریا کمار یادیو سرفہرست

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے بتایا تھا کہ گھٹنے کی کسی بھی انجری کی صورت میں 100 فیصد فٹ ہونے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور ٹیم کو انجری کے فوری بعد ٹورنامنٹ کے دوران انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے خطرات کا اندازہ اور اندیشہ تھا اس کے باوجود ہم نے انہیں شامل کیا، آخری میچ میں بیٹنگ کے دوران بدقسمتی سے ان کی انجری بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی ٹیم میں واپسی کے خطرات سے آگاہ تھے، وہ ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی ہیں، وہ خود، طبی عملہ اور ٹیم انتظامیہ اس رسک سے آگاہ تھے، ہم نے انہیں واپس لانے کا فیصلہ کیا، کرکٹ ہو یا کوئی بھی کھیل ہو، ہمیں رسک لینے پڑتے ہیں، بعض اوقات وہ رسک مفید ثابت ہوتے ہیں اور بعض اوقات نہیں۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے دوران فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس سے متعلق بھی قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں جب کہ ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی سے بھی اس بات کے اشارے ملتے ہیں کہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں جب کہ وہ اب تک صرف ایک وکٹ ہی حاصل کرسکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کا پاکستان کے کمزور اعتماد کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا عزم

تاہم نجیب سومرو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ طبی نقطہ نظر سے شاہین شاہ آفریدی نے اپنی واپسی کے لیے تمام ضروریات کو پورا کیا، انہوں نے کہا کہ طبی نقطہ نظر سے ہم پر اعتماد تھے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک میگا ایونٹ میں کھیلے گئے اپنے 3 میں سے 2 میچ ہارنے کے بعد اگر پاکستان جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے آخری دو گروپ میچ جیت بھی جاتا ہے تو بھی اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دوسری ٹیموں کے میچز کے نتائج اور رن ریٹ پر انحصار کی ضرورت ہوگی۔

زچگی کی سب سے بڑی پیچیدگی جو عورت کو جیتے جی مار دیتی ہے

کینسر کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج کا نیا طریقہ دریافت

نیوزی لینڈ کی کس غلطی کی وجہ سے انگلینڈ کو کامیابی مل گئی؟