کھیل

ٹریننگ کے بعد ٹھنڈے سینڈوچ دیے جانے پر بھارتی ٹیم ناخوش

اگر تین گھنٹے کی سخت ٹریننگ کے بعد آپ کو اس طرح کا سینڈوچ کھانے کے لیے پیش کیا جائے تو کیا آپ خوش ہوں گے، ذرائع بھارتی ٹیم

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے پریکٹس کے بعد تھکے ماندے کھلاڑیوں کو ٹھنڈے سینڈوچ دینے پر شکایت کی ہے اور کچھ کھلاڑیوں نے مایوس ہوکر باہر سے آن لائن آرڈر کیا۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے کے لیے سڈنی پہنچ چکی ہے اور منگل کو ٹیم نے ٹریننگ کا انتخاب کیا، لیکن کھلاڑیوں کو اس وقت شدید مایوسی ہوئی جب دو گھنٹے کی ٹریننگ کے بعد انہیں ٹھنڈے سینڈوچ کھانے کو دیے گئے۔

مزید پڑھیں: وہ سری لنکن کھلاڑی جس نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ کھلاڑی کھانے سے سخت ناخوش تھے اور انہوں نے گراؤنڈ کے عملے سے اس طرح کے کھانے کی شکایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر تین گھنٹے کی سخت ٹریننگ کے بعد آپ کو اس طرح کا سینڈوچ کھانے کے لیے پیش کیا جائے تو کیا آپ خوش ہوں گے، ہمیں معلوم ہے کہ تمام ٹیموں کو ایک جیسا کھانا پیش کیا جارہا ہے لیکن وہ اس لیے شکایت نہیں کر رہیں کیونکہ اکثر ایسا کرنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہیں۔

بھارتی ٹیم کے ذرائع نے کہا کہ ہم آج مزید ٹریننگ نہیں کر رہے اور امید کرتے ہیں کہ ہمیں اگلے سیشن میں کچھ بہتر کھانے کو ملے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو کھلاڑی کچھ آن لائن آرڈر کریں گے جیسا انہوں نے منگل کو کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ آئی سی سی گرم کھانا فراہم نہیں کر رہا، آپ دو گھنٹے کی سخت ٹریننگ کے بعد ٹھنڈے سینڈوچ نہیں کھا سکتے، یہ نامناسب غذا ہے۔

ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، فیورٹ انگلینڈ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست

آئی سی سی کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کی کھانے کے بعد ٹھنڈے سینڈوچ فراہم کیے جانے کی شکایت ہمیں موصول ہو چکی ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی ٹیم نے بدھ کو پریکٹس نہیں کی کیونکہ پریکٹس کے لیے جس میدان کا انتخاب کیا گیا وہ ٹیم کے ہوٹل سے 40 کلومیٹر دور تھا، لہٰذا کھلاڑیوں نے میچ سے قبل اتنا لمبا سفر نہ کرنے کو ترجیح دی۔

بھارتی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔