کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

افغانستان کی ٹیم 112 رنز پر آؤٹ ہوئی، انگلینڈ نے ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کیا، سیم کیوران 5 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے سیم کیوران کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت افغانستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر افغانستان کے کپتان محمد نبی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کے باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کے جارح مزاج بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کی بالکل اجازت نہیں دی اور وکٹیں بھی حاصل کیں۔

افغانستان نے سست بیٹنگ کی جبکہ پہلی وکٹ 11 کے اسکور پر گری جب رحمٰن اللہ گرباز 9 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حضرت اللہ زازئی نے 17 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 رنز بنا کر بین اسٹوکس کی وکٹ بن گئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 7 ویں اوور میں 35 رنز تھا۔

ابراہیم زدران نے 32 گیندوں پر 32 رنز بنائے تاہم 62 کے اسکور پر کیوران کی گیند پر معین علی کا کیچ بنے۔

نجیب اللہ زدران نے 13 رنز بنا کر عثمانی غنی کا ساتھ دیا اور اسکور 82 تک پہنچایا جبکہ کپتان محمد نبی 91 کے اسکور پر صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے مارک ووڈ کو وکٹ دے گئے۔

افغانستان کا اسکور 18 ویں اوور میں 109 رنز پر پہنچا تھا کہ عظمت اللہ عمرزئی بھی عثمان غنی کا ساتھ چھوڑ گئے جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔

راشد خان اور مجیب الرحمٰن کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

عثمان غنی آخری اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 30 رنز شامل تھے، جس کے لیے انہوں نے 30 گیندوں کا سامنا کیا اور فضل الحق فاروقی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سیم کیوران نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 10 رنز کے عوض افغانستان کے 5 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بین اسٹوکس اور مارک ووڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی مضبوط ٹیم نے آسان ہدف کا تعاقب محتاط انداز میں کیا اور ابتدائی 5 اوورز میں 35 رنز بنائے اور کپتان بٹلر بھی آؤٹ ہوئے، جنہوں نے 18 گیندوں پر 18 رنز بنائے تھے۔

الیکس ہیلز آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے، جو 20 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر افغانستان کے باؤلرز نے انگلینڈ کی بیٹنگ کے لیے مشکلات ضرور کھڑی کیں۔

انگلینڈ کے بین اسٹوکس صرف 2 رنز بناپائے، 65 کے اسکور پر محمد نبی نے ان کی وکٹیں اڑائیں، جس کے بعد 30 گیندوں پر 18 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملان بھی آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروکس بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور 7 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر وکٹ دے گئے، اس وقت انگلینڈ کو 28 گیندوں پر 16 رنز درکار تھے۔

لیام لنگوسٹن نے 21 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے سب زیادہ ناقابل شکست 29 رنز بنائے اور معین علی نے 10 گیندوں پر 8 رنز بنا کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلانے میں ان کا ساتھ دیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر 113 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا اور قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

سیم کیوران کو 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 89 رنز سے شکست دے دی تھی۔

جمعرات یا جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، عمران خان

ویوو کا محض 15 منٹ میں فل چارج ہونے والا فون متعارف

تنقید اداروں کے بجائے افراد پر کی جائے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ