کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ: شاہین شاہ آفریدی باؤلنگ کے مشورے لینے شامی کے پاس پہنچ گئے

پریکٹس کے دوران شاہین نے شامی کی خیریت دریافت کی اور ان سے سوئنگ باؤلنگ کے حوالے سے قیمتی مشورے طلب کیے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ میچز کے ساتھ اتوار سے آغاز ہو گیا ہے جس میں دلچسپ مقابلوں اور اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔

عالمی ایونٹ میں کھلاڑی جہاں ایک طرف گراؤنڈ میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنی ٹیم کی فتح کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو وہیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کھلاڑی ملک و قوم سے قطع نظر ہر سینئرز سے سیکھنے کا موقع گنوانا نہیں چاہتے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ، دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست

انہیں میں سے ایک شاہین شاہ آفریدی بھی ہیں جو ورلڈ کپ میں تجربہ کار بھارتی باؤلر محمد شامی کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے سیکھنے کے لیے ان کے پاس چلے گئے۔

پریکٹس کے دوران شاہین نے شامی کی خیریت دریافت کی اور ان سے سوئنگ باؤلنگ کے حوالے سے قیمتی مشورے طلب کیے۔

بھارتی فاسٹ باؤلر نے نوجوان پاکستانی سپر اسٹار کو بال پوزیشن کے ساتھ ساتھ سیم کے درست استعمال کے طریقے سمیت سوئنگ باؤلنگ کے حوالے سے اہم تجاویز دیں۔

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ایک عرصے سے انجری کا شکار تھے اور اسی انجری کے سبب وہ ایشیا کپ اور انگلینڈ کی سیریز کے ساتھ ساتھ سہ ملکی سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

عالمی ایونٹ سے قبل شاہین کی فٹنس کافی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ پاکستان کے ورلڈ جیتنے کی امیدوں کا کافی حد تک انحصار ان کی فارم اور فٹنس پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کرکٹ پر چھائے بادل ختم کرنے کیلئے مختصر گفتگو

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل شاہین شاہ آفریدی کو فٹ قرار دے دیا ہے اور انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں باؤلنگ بھی کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔