کھیل

شاہین شاہ آفریدی کی واپسی، ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرجوش

شاہین شاہ 17 اور 19 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے، پی سی بی
|

پاکستان ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لندن میں پی سی بی کے ایڈوائزری پینل کے زیر نگرانی بحالی کے بعد شاہین شاہ آفریدی 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی انجری سے بحالی کیلئے دبئی سے لندن روانہ ہوں گے

پی سی بی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی طرف سے 17 اور 19 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچوں میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے جبکہ اسی دوران ٹیم انتظامیہ کی طرف سے ان کی میچ فٹنس کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی حالیہ ٹی20 ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز سے باہر ہوگئے تھے کیونکہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران دائیں گھٹنے میں انجری کی وجہ سے میڈیکل پینل نے ان کو 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

بیان کے مطابق شاہین شاہ نے کہا کہ ’وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے پرجوش ہیں‘ جہاں وہ اپنے حصے کی کارکردگی دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے سبب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ اپنے پسندیدہ کھیل اور ٹیم سے دور رہنا میرے لیے مشکل وقت تھا اور اس دوران وہ کئی سنسنی خیز اور دلچپسپ میچ نہ کھیل سکے۔

شاہین شاہ نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیز رفتاری سے 6 سے 8 اوورز کروا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ نیٹ میں باؤلنگ اور بیٹنگ کر رہے ہیں مگر میچ کے ماحول اور جذبے کا متبادل کچھ نہیں ہو سکتا، لہٰذا وہ اس ماحول میں واپسی کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انجری سے بحالی کا یہ وقت ان کے لیے سخت اور مشکل تھا مگر ایک پروفیشنل کھلاڑی کی طرح اس سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود کو پہلے سے زیادہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اب وہ اپنے کھیل کی کٹ پہننے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی کیلئے بڑا اعزاز، کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

شاہین آفریدی نے پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور فٹ بال کلب کرسٹل پیلس ایف سی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام سہولیات سے استفادے کی اجازت دی اور انجری سے بحالی کے دوران ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کی۔

'فخر زمان بھی برسبین روانہ ہوں گے'

علاوہ ازین، پی سی بی نے کہا کہ ٹریولنگ ریزرو فخر زمان بھی شاہین آفریدی اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ عمر رشید کے ساتھ برسبین جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، فخر زمان باہر

پی سی بی نے کہا کہ فخر زمان انجری سے بحالی کا پروگرام پی سی بی کے چیف میڈیکل افسر اور ٹیم ڈاکٹر، ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کی نگرانی میں مکمل کریں گے جس کی وجہ سے ان کی میچ میں شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے 7 اکتوبر کو کہا تھا کہ فخر زمان انجری سے بحال ہو رہے ہیں اور وہ 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف ہائی پروفائل ورلڈ کپ میچ میں اپنی موجودگی کے لیے پر امید ہیں۔

سائفر کی تفتیش کیلئے کمیشن میں ایسے جج ہوں جن کی ساکھ ہے، عمران خان

دعا ہے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 200 کروڑ روپے کمائے، مصطفیٰ قریشی

’آنر‘ کا طاقتور بیٹری اور فائیو جی سپورٹ کے ساتھ سستا فون متعارف