کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی کردی گئی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو نئی کٹ پہنے دکھایا گیا ہے۔

اگلے مہینے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کِٹ کی رونمائی کردی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کے لیے ویڈیو جاری کی، جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو نئی کٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی طرح نئی کٹ کی رونمائی میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی فاطمہ ثنا اور کائنات امتیاز نے بھی حصہ لیا۔

پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی کٹ کو تھنڈر جرسی 22 ظاہر کیا ہے، کٹ کا بنیادی کلر گہرا سبز ہے جبکہ ہلکے سبز اور پیلے رنگ سے اسٹرائپ بنائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، فخر زمان باہر

کٹ کی ایک جانب پاکستان کرکٹ کا ستارہ نمایاں ہے اور دوسری جانب ورلڈ کپ کا لوگو ہے جبکہ دائیں بازوپر اسپانسرز کا لوگو ہے۔

دوسری جانب، پاکستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے ساتھ کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں خصوصی کٹ پہنے گی تاکہ ملک میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگہی دی جا سکے۔

خیال رہے کہ ٹی 20 ولڈکپ میں 16 ملک ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، جس کا آغاز 16 اکتوبر کو سری لنکا کا جیلونگ میں نمیبیا کے خلاف میچ سے ہوگا، جیلونگ پہلی بار آسٹریلیا کی میزبانی میں منعقد ہونے والے عالمی ایونٹ کے سات مقامات میں سے ایک ہے۔

یاد رہے کہ 15 ستمبر کو قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا تھا اور عالمی کپ کے اسکواڈ سے حسن علی سے ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ فخر زمان بھی انجری کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ دورہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم سے سیریز خوشی کی بات ہے، شان مسعود

ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ اور دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ اسکواڈ میں محمد رضوان، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔

پاک-انگلینڈ ٹی20 سیریز: دونوں ٹیموں کیلئے ورلڈ کپ کی تیاری کا بڑا موقع

پاک۔بھارت میچ کو کئی ہفتے گزرنے کے باوجود برطانوی شہر میں کشیدگی برقرار

دورہ پاکستان پر آئی انگلش ٹیم دوسرے درجے کی نہیں، معین علی