کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ: روایتی حریفوں پاک ۔ بھارت میچ کی تمام ٹکٹس فروخت

میچ قریب آتے ہی ری سیل پلیٹ فارم کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شائقین فیس ویلیو پر ٹکٹوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کی تمام ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ کی تمام ٹکٹس فروخت ہوگئی ہیں، جبکہ اضافی اسٹینڈنگ روم ٹکٹس بھی چند ہی منٹوں میں فروخت ہوگئی ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ بھارت: ایشیا کپ کے اہم میچ کے 7 زیربحث نکات

آئی سی سی نے کہا کہ میچ قریب آتے ہی باضابطہ طور پر ری سیل پلیٹ فارم کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شائقین فیس ویلیو پر ٹکٹوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے 27 اکتوبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ڈبل ہیڈر میں جنوبی افریقا کا بنگلا دیش جبکہ انڈیا کا گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے مقابلے کی تمام ٹکٹس بھی فروخت ہو چکی ہیں اور شائقین کو اضافی ٹکٹ دستیاب ہونے کی صورت میں انتظار کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کہا کہ 22 اکتوبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پہلے سپر 12 میچ، ڈبل ہیڈر میں 30 اکتوبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں پاکستان کا گروپ اے کی رنر اپ ٹیم اور بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے مقابلے کے لیے بہت محدود ٹکٹس بچی ہیں۔

اسی طرح 3 نومبر کو سڈنی گراؤنڈ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے بھی محدود ٹکٹس بچی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، فخر زمان باہر

کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 5 لاکھ شائقین نے ٹکٹس خریدی ہیں، عالمی ایونٹ ایک ماہ بعد منعقد ہوگا۔

16 ملکی ٹورنامنٹ کا آغاز 16 اکتوبر کو سری لنکا کا جیلونگ میں نمیبیا کے خلاف میچ سے ہوگا، جیلونگ پہلی بار آسٹریلیا کی میزبانی میں منعقد ہونے والے عالمی ایونٹ کے سات مقامات میں سے ایک ہے۔

گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلے کو ٹیلی ویژن پر ریکارڈ 16 کروڑ 70 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، جوز بٹلر

روایتی حریفوں کے درمیان اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو ورلڈ کپ میں پہلی بار شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔

اس سنسنی خیز مقابلے میں قومی ٹیم نے روایتی حریف کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی۔

خیبر پختونخوا: ضلع خیبر کے جرگے نے خطے میں فوجی آپریشن کی مخالفت کردی

ریشم نے دریا میں پلاسٹک پھینکنے پر معافی مانگ لی

بُک ریویو: زندگی سے ڈرتے ہو