لائف اسٹائل

تنویر جمال کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے

تنویر جمال میں ابتدائی طور پر 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ اس سے صحت یاب ہوگئے تھے۔

پاکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینیئر اداکار تنویر جمال موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔

جاپان میں پاکستانی اداکاروں کی تنظیم کے رہنما عقیل عراقی نے اپنی پوسٹ اور ویڈیو بیان میں تصدیق کی کہ تنویر جمال 13 جولائی کو جاپانی وقت کے مطابق سہ پہر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

عقیل عراقی کے علاوہ اداکار قیصر نظامانی نے بھی تنویر جمال کے ہمراہ یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔

صحافی مہوش اعجاز نے بھی اپنی ٹوئٹ میں تنویر جمال کے انتقال کی تصدیق کی جب کہ دیگر مداحوں اور ڈراما شائقین نے بھی سینیئر اداکار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں کیں۔یہ بھی پڑھیں: سینیئر اداکار تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص

تنویر جمال میں ابتدائی طور پر 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں وہ کینسر سے صحت یاب ہوگئے تھے۔

مگر رواں برس مئی میں ان میں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے تھے۔

تنویر جمال میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور گزشتہ برس جون کے وسط میں جاپان کے ہسپتال میں ان کے شدید علیل ہونے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں، جن میں انہیں انتہائی کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا تنویر جمال کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، جس وجہ سے انہوں نے چہرے پر گیس ماسک بھی لے رکھا ہے اور وہ ویل چیئر پر بیٹھے دکھائی دیے تھے۔

تنویر جمال میں اسٹیج فور کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ جاپان منتقل ہونے سے قبل پاکستان میں بھی بیماری کا علاج کرواتے رہے تھے۔

مزید پڑھیں: تنویر جمال شدید علیل، ہسپتال کی ویڈیوز وائرل

تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی تھی اور وہاں اپنے اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد وہاں جاتے تھے۔

تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جب کہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔

تنویر جمال نے 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لیے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔

تنویر جمال نے بتایا تھا کہ شادی سے قبل ان کے ایک اور جاپانی لڑکی سے تعلقات تھے مگر ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی تھی۔

تنویر جمال نے 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج‘ سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا اور کم وقت میں اپنی منفرد پہنچان بنائی۔

تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور انہوں نے جاپانی نژاد لڑکی سے ہی کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں تاخیر، روپے کی قدر میں مزید 2 روپے سے زائد کی کمی

ملک بھر کی عدالتوں میں 20 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا

عیدالاضحیٰ کے بعد کراچی میں موسلا دھار بارشوں کا ایک اور سلسلہ متوقع