کیا عامر لیاقت ایک روز قبل پاکستان چھوڑنے والے تھے؟
9 جون کی دوپہر کو انتقال کرجانے والے رکن قومی اسمبلی، اسکالر اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ ایک روز قبل پاکستان چھوڑنے والے تھے۔
اس بات کا انکشاف عامر لیاقت کی جانب سے 8 جون کو کی جانے والی ایک ری ٹوئٹ سے ہوا، جو صحافی حمزہ اظہر سلام نے کی تھی، جسے بعد ازاں عامر لیاقت نے ری ٹوئٹ کیا تھا۔
’دی پاکستان ڈیلی‘ کے ایڈیٹر حمزہ اظہر سلام نے 8 جون اپنی ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی عامر لیاقت حسین سے بات ہوئی ہے، جنہوں نے انہیں بتایا ہے کہ وہ ملک چھوڑ چکے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ عامر لیاقت نے انہیں بتایا ہے کہ وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے ملک سے روانہ ہو چکے ہیں اور عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وہ کسی نامعلوم مقام پر منتقل ہوجائیں گے۔
ساتھ ہی صحافی نے اپنی ٹوئٹ میں عامر لیاقت کی صحت یابی اور لمبی زندگی کے لیے دعائیں بھی کی تھیں۔
مذکورہ ٹوئٹ کو عامر لیاقت حسین نے بھی ری ٹوئٹ کیا تھا اور اسی ٹوئٹ پر متعدد لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ٹی وی میزبان کے لیے سخت الفاظ کا استعمال بھی کیا تھا۔
تاہم مذکورہ ٹوئٹ کے بعد 9 جون کی دوپہر کو عامر لیاقت کے انتقال کی خبر نے سب کو ہلا کر رکھ دیا اور زیادہ تر لوگوں نے ان کی موت کو ناقابل یقین قرار دیا۔
صحافی کی مذکورہ ٹوئٹ کے بعد لوگوں میں تشویش دوڑ گئی کہ اگر عامر لیاقت نے پاکستان نہیں چھوڑا تھا تو صحافی نے ایسا دعویٰ کیوں کیا؟ اور ساتھ ہی کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر عامر لیاقت نے ملک چھوڑنے کا مکمل منصوبہ تیار کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت حسین کا ملک چھوڑ جانے کا اعلان
عامر لیاقت نے ملک چھوڑنے کا منصوبہ تیار کیا تھا یا نہیں؟ اس حوالے سے مستند معلومات تو پولیس کی تفتیشی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی آئے گی، تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ ہی پاکستان چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
عامر لیاقت نے گزشتہ ماہ مئی میں تیسری اہلیہ دانیہ ملک سے علیحدگی کے بعد ملک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے اس کی کوئی تاریخ نہیں دی تھی۔
عامر لیاقت حسین گزشتہ کچھ عرصے سے نجی زندگی میں شدید مسائل سے دوچار تھے۔
ان کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب کہ ان کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے ان سے علیحدگی کے بعد ان کی مبینہ ذاتی ویڈیوز کو ریلیز کیا تھا۔
دانیہ ملک سے عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں شادی کی تھی، اس سے قبل فروری میں ان کی سابق دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے ان سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔
مزید پڑھیں: عدلیہ نے برہنہ ویڈیوز کا نوٹس کیوں نہ لیا؟ عامر لیاقت
عامر لیاقت نے پہلی شادی ڈاکٹر بشریٰ سے کی تھیں، جن سے انہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں، جن کی عمریں 20 سال سے زائد ہیں۔ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دسمبر 2020 میں تصدیق کی تھی کہ شوہر نے انہیں طلاق دے دی۔
عامر لیاقت نے دوسری شادی ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور سے جولائی 2018 میں کی تھی جو ان سے کئی سال کم عمر تھیں اور دونوں کی شادی 4 سال سے بھی کم عرصے تک چلی۔
فروری میں طوبیٰ انور نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے عامر لیاقت سے خلع لے لی ہے تاہم عامر لیاقت مسلسل اس کی تردید کرتے رہے۔
عامر لیاقت نے تیسری شادی فروری 2022 میں بہاولپور کی 18 سالہ لڑکی دانیہ شاہ سے کی تھی، جنہوں نے گزشتہ ماہ مئی کے آغاز میں خلع کے لیے وہاں کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔