سائنس و ٹیکنالوجی

شیاؤمی 12 سیریز کے 3 فلیگ شپ فونز عالمی سطح پر پیش

شیاؤمی 12 اور 12 پرو پراسیسر کے لحاظ سے زیادہ بہتر ہیں جبکہ 12 ایکس میں ڈسپلے کا حجم چھوٹا اور کم طاقتور پراسیسر استعمال کیا گیا۔

شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ 12 سیریز کے 3 فونز کو دسمبر 2021 کے آخر میں چین میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اب لگ بھگ ڈھائی ماہ بعد شیاؤمی 12، 12 پرو اور 12 ایکس کو عالمی سطح پر فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

شیاؤمی 12 اور 12 پرو پراسیسر کے لحاظ سے زیادہ بہتر فونز ہیں جبکہ 12 ایکس میں ڈسپلے کا حجم چھوٹا اور کم طاقتور پراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔

بہت جلد یہ فونز یورپ، ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ میں دریافت ہوں گے۔

شیاؤمی 12

شیاؤمی 12 کئی سال بعد اس کمپنی کا سب سے چھوٹی اسکرین والا فلیگ شپ فون ہے اور بنیادی توجہ فیچرز پر مرکوز کی گئی ہے۔

اس فون میں 6.28 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے۔

فنگرپرنٹ اسکینر کو اسکرین کے اندر دیا گیا ہے جبکہ ڈسپلے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے گوریلا گلاس وکٹس کو استعمال کیا گیا ہے۔

فون کے اندر کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ کولنگ پیڈ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔

شیاؤمی 12 میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ وائرڈ، 50 واٹ وائرلیس اور 10 واٹ ریورس وائرلیس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

شیاؤمی 12 سیریز کے فونز میں کمپنی کا نیا ایم آئی یو آئی 13 یوزر انٹرفیس موجود ہوگا۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کا حجم 1/1.56 انچ ہے اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن سپورٹ دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل ٹیلی میکرو کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

شیاؤمی 12 میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہوں گے۔

اس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 750 ڈالرز (ایک لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

شیاؤمی 12 پرو

اس فون میں 6.73 انچ کا ایل ٹی پی او ڈسپلے دیا گیا ہے جس کے ساتھ 1 سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کی سہولت دستیاب ہوگی جس کا انحصار فون کے ٹاسک پر ہوگا۔

اس فون میں بھی فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب ہے جبکہ گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن فراہم کی گئی ہے۔

فون کے بیک پر 50، 50 میگا پکسل کے تین کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کا حجم 1/1.28 انچ کا ہے جبکہ امیج آپٹیکل اسٹیبلائزیشن کا فیچر موجود ہے۔

دوسرا کیمرا 50 میگا پکسل پورٹریٹ لینس ہے جبکہ تیسرا 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا اس سیٹ اپ میں موجود ہے۔

کمپنی نے فون کے لیے اپنی فاسٹ آٹو فوکس ٹیکنالوجی کو تیار کرکے نصب کیا ہے تاکہ چہروں اور پس منظر کے دیگر عناصر کو لاک کیا جاسکے۔

شیاؤمی نے ایک نیا نائٹ موڈ الگورتھم میں ڈیوائس کا حصہ بنایا ہے۔

شیاؤمی 12 پرو میں 4600 ایم اے ایچ بیٹری 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔

اس فون کا 8 جی بی ریم اور 256 جی بی والا ماڈل ایک ہزار ڈالرز (ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

شیاؤمی 12 ایکس

یہ کافی حد تک شیاؤمی 12 سے ملتا جلتا فون ہے یعنی 6.28 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

مگر فون میں اسنیپ ڈراگون 870 پراسیسر موجود ہے جبکہ وائرلیس یا ریورس وائرلیس چارجنگ کے فیچرز نہیں دیئے گئے۔

فون میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فون کا بیک کیمرا سیٹ اپ بھی شیاؤمی 12 جیسا ہی ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کا حجم 1/1.56 انچ ہے اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن سپورٹ دی گئی ہے۔

8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن فون کا حصہ ہے۔

اس فون کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 650 ڈالرز (ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

ویوو کا پہلا فولڈایبل اسمارٹ فون کیسا ہوگا؟

ایپل کے آئی فون 14 سیریز سے منی ماڈل کو نکالے جانے کا امکان

شیاؤمی کا سستا مڈرینج اسمارٹ فون ریڈمی 10 سی