سائنس و ٹیکنالوجی

وہ نئے فیچرز جو 2022 میں واٹس ایپ کا حصہ بن سکتے ہیں

واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل نت نئے فیچرز پر کام ہوتا رہتا ہے تاکہ اس کے صارفین کسی اور میسجنگ ایپ کا رخ نہ کریں۔

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل نت نئے فیچرز پر کام ہوتا رہتا ہے تاکہ اس کے صارفین کسی اور میسجنگ ایپ کا رخ نہ کریں۔

عام طور پر یہ نئے فیچرز پہلے بیٹا پروگرام میں آتے ہیں اور وہاں مختلف آزمائشی مراحل سے گزرنے کے بعد تمام صارفین کو دستیاب ہوتے ہیں۔

2022 میں بھی واٹس ایپ کی جانب سے متعدد فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، جن کے بارے میں ابھی علم نہیں۔

مگر کچھ فیچرز ایسے ہیں جو اس وقت بیٹا ورژنز میں موجود ہیں اور امید ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں پروفائل فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔

اس فیچر کے تحت جب کسی صارف کو واٹس ایپ نوٹیفکیشن موصول ہوگا تو میسج جس فرد نے بھیجا ہوگا اس کی پروفائل فوٹو نوٹیفکیشن میں دیکھی جاسکے گی۔

ابھی نوٹیفکیشن موصول ہونے پر بس ایک ٹیکسٹ پیغام فون کی اسکرین پر نظر آتا ہے۔

لاسٹ سین اسٹیٹس چھپانا

اس ایپ کا بظاہر عام سا فیچر اپنے اندر آپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی کمزوری چھپائے ہوئے ہے اور وہ ہے لاسٹ سین اسٹیٹس۔

مگر واٹس ایپ کی جانب سے مخصوص کانٹیکٹس کے لیے لاسٹ سین کو ہائیڈ کرنے کے فیچر کو جلد متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے اور مستقبل قریب میں تمام صارفین واٹس ایپ پر اپنے لاسٹ سین اسٹیٹس کا انتخاب 4 کیٹیگریز سے کرسکیں گے۔

اس وقت واٹس ایپ کی جانب سے لاسٹ سین، پروفائل فوٹ اور اباؤٹ کے لیے 3 پرائیویسی آپشنز ایوری ون، مائی کانٹیکٹس اور نو باڈی فراہم کیے گئے ہیں۔

مگر بہت جلد ان میں چوتھے آپشن My contacts except کو بھی آپ دیکھ سکیں گے۔

جب اس چوتھے آپشن کا انتخاب کیا جائے گا تو آپ اپنی مرضی سے ان افراد کو چن کر ان کے لیے لاسٹ سین تک رسائی کو ڈس ایبل کرسکیں گے۔

اس سے آپ کو یہ سہولت حاصل ہوجائے گی کہ مخصوص افراد کو لاسٹ سین ، پروفائل فوٹو یا واٹس ایپ پر پرسنل انفو کو دیکھنے سے روک دیں۔

واٹس ایپ ایڈٹ

میسجنگ ایپ میں میڈیا شیئرنگ کے لیے ایڈٹ کے آپشن کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے اور اس کی مدد سے صارفین میڈیا فائلز کو بھیجنے سے قبل مزید افراد کا اضافہ بھی کرسکیں گے۔

اسی طرح واٹس ایپ میں صارفین کو اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں میڈیا اپ لوڈ کا ایک آپشن بھی دیا جائے گا چاہے وہ پہلے ہی کوئی فائل کسی واٹس ایپ چیٹ پر ہی کیوں نہ بھیج رہے ہوں۔

اس فیچر کی آزمائش بھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژنز میں جاری ہے۔

واٹس ایپ کمیونٹی

واٹس ایپ کے ایک گروپ میں 256 سے زیادہ اراکین نہیں ہوسکتے مگر بہت جلد ایسا نہیں ہوگا۔

واٹس ایپ کمیونٹی نامی فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں ہورہی ہے جس کے تحت ایک کمیونٹی میں 10 واٹس ایپ گروپس کو لنک کیا جاسکے گا۔

اس میں ایک نیا اناؤنسمنٹ سیکشن بھی ہوگا جس تک صرف ایڈمنز کو رسائی ہوگی اور اس کی مدد سے وہ کمیونٹی سے لنک تمام گروپس کے اراکین تک کسی پیغام کو شیئر کرسکیں گے۔

لاگ آؤٹ

یہ واٹس ایپ کا وہ فیچر ہے جس کا یقیناً صارفین کو بے صبری سے انتظار ہوگا کیونکہ ابھی تک اس میسجنگ ایپ میں لاگ ان ہونے کے بعد صارف لاگ آؤٹ نہیں ہوسکتا۔

مگر واٹس ایپ میں ملٹی ڈیوائس فیچر کو بتدریج بہتر کیا جارہا ہے اور لاگ آؤٹ کا آُپشن بھی اسی کا حصہ ہوگا اور اس کی مدد سے صارفین واٹس ایپ اکاونٹس اسی طرح لاگ آؤٹ کرسکیں گے جیسے فیس بک یا انسٹاگرام سے کرتے ہیں۔

میسج ری ایکشنز

فیس بک میسنجر میں میسج ری ایکشنز کا فیچر تو کافی عرصے سے موجود ہے اور اب کم از کم بیٹا ورژن کے صارفین کے لیے واٹس ایپ میں بھی اسے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

فیس بک میسنجر استعمال کرنے والے اس فیچر سے بخوبی واقف ہیں اور واٹس ایپ میں بھی جلد کسی میسج پر صارف ایموجی سے اپنا ردعمل ظاہر کرسکیں گے۔

ری ایکشنز کے لیے کتنے ایموجیز واٹس ایپ میں دستیاب ہوں گے اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔

اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ انفرادی چیٹس یا گروپس میں ایک جیسے ٹول دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

https://newsin.asia/whatsapp-likely-to-roll-out-five-new-features-in-2022/

وہ نیا فیچر جو واٹس ایپ گروپس کو ہمیشہ کے لیے بدل دے گا

واٹس ایپ صارفین کے بڑے مسئلے کا حل پیش کردیا گیا

واٹس ایپ کے ویب ورژن میں اپنا اسٹیکر تیار کرنے کا فیچر متعارف