سال کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش میں پیش کی گئی حیران کن ایجادات
ہر سال لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر چند حیران کن گیجیٹس اور ڈیوائسز پیش کیے جاتے ہیں۔
لوگوں کی زیادہ توجہ ٹی ویز، مانیٹرز اور تیز سی پی یوز پر مرکوز ہوتی ہے اس وجہ سے متعدد حیران کن ڈیوائسز نظروں میں نہیں آتیں۔
اس سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث سی ای ایس میں شریک افراد کی تعداد زیادہ نہیں تھی جس وجہ سے بھی زیادہ تر حیران کن ڈیوائسز توجہ میں نہیں آسکیں۔
ایسی ہی چند ڈیوائسز کے بارے میں جانیں جو دنگ کردینے والی ہیں۔
ایل جی کی او ایل ای ڈی فٹنس بائیک
کیا سائیکل چلانا پسند نہیں؟ تو ایل جی نے ایسے افراد کے لیے بائیک کے سامنے 55 انچ کا بڑا او ایل ای ڈی ڈسپلے نصب کردیا ہے تاکہ ورزش کے ساتھ تفریح کو بھی ممکن بنایا جاسکے۔
یہ 3 ڈسپلے ہیں جن کو ایک کردیا گیا ہے جس کے سامنے سائیکل کے پیڈل چلاتے ہوئے محسوس ہوگا جیسے آپ باہر کہیں سفر کررہے ہیں۔
یہ ٹوتھ برش 10 سیکنڈ میں دانتوں کو صاف کرے
فرانسیسی کمپنی فاس ٹیش نے وائے برش برانڈ کے تحت 2019 میں ایک کانسیپٹ ٹوتھ برش تیار کیا تھا جو 10 سیکنڈ میں دانتوں کی صفائی کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا جس کا کمرشل ماڈل کچھ عرصے بعد پیش کیا گیا۔
اب یہ کمپنی نئے کانسیپٹ ٹوتھ برش کے ساتھ سامنے آئی ہے جو سابقہ ماڈل سے کافی زیادہ بہتر ہے۔
سی ای ایس 2022 کے دوران اس نئے کانسیپٹ برش کو پیش کیا اور اس کے دونوں اطراف میں ریشے موجود ہیں تو منہ میں اس ڈیوائس کو پلٹنے کی ضرورت نہیں ہوگی جیسا پہلے ماڈل میں کرنا پڑتا ہے۔
اب اس نئے ٹوتھ برش کو منہ میں رکھ کر دونوں اطراف کو حرکت دیں اور بس۔
اور ہاں اس بار صرف ایک پروگرام کی بجائے 6 نئے وائبریشن موڈز بشمول گم کیئر، وائٹننگ اور پالشینگ اس نئے ٹوتھ برش میں موجود ہوں گے۔
فی الحال یہ برش ایک کانسیپٹ ماڈل ہے اور اسے کب تک عام افراد کے لیے پیش کیا جائے گا یہ کہنا مشکل ہے۔
للی لیمپ
یہ ایک خاص لیمپ ہے جو ڈیسلیکسیا (ایسا مرض جس کے شکار افراد کو الفاظ پڑھنے، پہچاننے، سجھنے اور لکھنے میں مشکل ہوتی ہے) سے متاثر افراد کو مطالعے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی پیٹنٹ ٹیکنالوجی مرر ایفیکٹ کے ذریعے دیر تک مطالعے کو آسان بناتی ہے۔
اس لیمپ میں ایسی فلیشز بنتی ہیں نو انسانی آنکھ کو نظر نہیں آتیں مگر متاثر افراد کے لیے الفاظ کو سمجھنا آسان بناتی ہیں، اس کی قیمت 349 یورو رکھی گئی ہے۔
ایلین ویئر کا نائکس سرور
کیا یہ زبردست نہیں ہوگا کہ آپ اپنے کمپیوٹرپر گیم کھیلتے ہوئے اسے ٹی وی پر سوئچ کرسکیں؟
تو نائکس سرور مستقبل کی اسی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس سے گھر کے اندر ڈیوائسز کو بغیر کسی مشکل کے سوئچ کرسکیں گے۔
کنٹرولر ایک سینٹرل پوائنٹ کا کام کرے گا اور ایک مخصوص ایپ سے ڈیوائسز کو سوئچ کیا جاسکے گا، مگر ابھی اس کی دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی گاڑی
گاڑیاں تو آپ نے بہت دیکھی ہوں گی مگر ایسی نہیں جیسی بی ایم ڈبلیو نے تیار کی ہے جو کسی گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس گاڑی کے لیے ای انک میں موجود الیکٹروفوریٹک ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اس گاڑی رنگ لگ بھگ فوری طور پر بدل جاتا ہے، تو یہ ہوتا کیسے ہے؟
گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی یہ صلاحیت بھی صارف کی مرضی کے مطابق کام کرتی ہے چاہے تو پوری گاڑی کا رنگ دل دیں، ورنہ اطراف میں بدلا جاسکتا ہے، پٹییوں کی شکل یا جیسا دل کرے۔
فی الحال یہ گاڑی بلیک، وائٹ اور گرے رنگ بدل سکتی ہے۔
اب دروازے بھی ہوگئے اسمارٹ
اپنے دروازے میں مختلف اسمارٹ ٹیکنالوجیز کو نصب کرنے کی بجائے آپ ایک اسمارٹ درواہ ہی کیوں نہیں خرید لیتے؟
ماسونائٹ نامی کمپنی نے ایم پاور ڈور تیار کیا ہے جس میں ایک رنگ ویڈیو ڈور بیل اور اسمارٹ لاک نصب ہیں جبکہ متعدد سنسرز بھی اس کا حصہ ہیں۔
سام سنگ کا ڈیجیٹل گیتار
گیتار بجانے میں مزہ تو آتا ہوگا مگر اس کو سیکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
ویسے تو اس کو آسان بنانے کے لیے متعدد ڈیجیٹل گیتار اور ایپس موجود ہیں مگر سام سنگ کی سی لیب کے ڈیجیٹل گیتار زیم اسٹار میں سب کو اکٹھا کردیا گیا ہے۔
اس میں ہر جگہ لائٹس نصب ہیں جو درست نوٹس کا عندیہ دیتی ہیں۔
صحت پر نظر رکھنے والا بلب
اس وقت جب بینڈز اور اسمارٹ واچز کی بھرمار ہے جو صرف ایک فرد کی صحت کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ سینگلڈ نامی کمپنی نے ایک نیا اسمارٹ بلب متارف کرایا ہے جس میں موجود راڈار ٹیکنالوجی دھڑکن کی رفتار، نیند کے رجحانات اور جسمانی درجہ حرارت کو ٹریک کرتی ہے۔
بالوں کا رنگ بدلنا ہوا آسان
معروف کمپنی نے پہلی بار بالوں کی رنگت بدلنے والی ڈیوائس پیش کی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اچھے نتائج کے لیے اب لوگوں کو سیلون کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
لورال نے یہ ڈیوائس 5 سال کی محنت کے بعد تیار کی ہے جسے کلر سونک کا نام دیا گیا ہے۔
اس میں موجود مکسر میکنزم ہیئر کلکر کے درست تناسب کو یقینی بنا کر ہیئر کلر بناتا ہے۔
اسمارٹ لینس
یہ کانسیپٹ لینس ہیں جو انسانی آنکھوں کے سامنے رئیل ٹائم میں تفصیلات فراہم کرتے ہیں۔
ان ود کارپوریشن نے اس لینس کو تیار کیا ہے جسے اس نے دنیا کا پہلا سافٹ الیکٹرونک کانٹیکٹ لینس قرار دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ لینس اسمارٹ فون یا کسی بھی ڈیوائس کے ساتھ کام کرکے ارگرد کے بارے میں رئیل ٹائم تفصیلات فراہم کرتے ہیں۔
جیسے کسی سڑک پر گاڑی کی رفتار کی حد کیا ہے، کس سمت کو جانا چاہیے اور بھی بہت کچھ۔
فولڈ ایبل لیپ ٹاپ
سی ای ایس نمائش کے دوران اوسوز نے زین بک 17 فولڈ او ایل ای ڈی نامی لیپ ٹاپ کو پیش کیا جس میں 17.3 انچ کا فولڈ ایبل او ایل ای ڈی ڈسپلے ہے۔
کمپنی کے مطابق ایک فولڈ ایبل ڈیوائس کا بڑا فائدہ بڑی اسکرین کو آسانی سے بیگز میں فٹ کرنا ہے، بالخصوص ان افراد کے لیے جن کو ہر وقت لیپ ٹاپ لٹکا کر سفر کرنا ہوتا ہے۔
اوسوز کا لیپ ٹاپ جب فولڈ کیا جاتا ہے تو اس کی اسکرین 12.3 انچ کی ہوجاتی ہے جس کے ساتھ ایک بلیوٹوتھ کی بورڈ اور ٹچ پیڈ استعمال کیا جاسکتا ہے جو کمپنی کی جانب سے الگ سے فراہم کیا جائے گا۔
اس لیپ ٹاپ کو میز یا کسی بھی جگہ رکھ کر کام کیا جاسکتا ہے اور فولڈ شکل میں ریزولوشن فل ایچ ڈی ہوتا ہے۔
سگنل کے مطابق اپنے انٹینا کو ایڈجسٹ کرنے والا وائی فائی راؤٹر
ٹی پی لنک کا نیا آرچر اے ایکس ای 200 اومنی وائی فائی راؤٹر 6 ای فائی فائی اسٹینڈرڈ پر کام کرسکتا ہے۔
اس راؤٹر میں 4 ایڈجسٹ ایبل انٹینا ہیں جو خودکار طور پر اپنی پوزیشن موٹرائز میکنزم کی مدد سے ایڈجسٹ کرکے وائی فائی سگنل کو طاقتور بناتے ہیں۔
مثال کے طور پر اسمارٹ فون وائی فائی پر چل رہا ہو اور اس کو لے کر گھر کے کسی اور کونے پر چلے جائیں تو یہ انٹینا اپنا رخ اس کے مطابق بدل لیں گے۔