کھیل

بھارت: ویرات کوہلی کی معصوم بچی کے ریپ کی دھمکی دینے والا شہری گرفتار

ٹوئٹر پر نفرت انگیز بیان پر 23سالہ ملزم کو ممبئی پولیس کے سائبر سیل نےگرفتار کیا ہے، پولیس

بھارتی پولیس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان سے شکست کے بعد ویرات کوہلی کی 10 ماہ کی معصوم بیٹی کے ریپ کی دھمکی دینے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس کے سائبر سیل کے تفتیش کاروں نے اکوباتھینی رامناگیش کو کوہلی کی 10 ماہ کی بچی کو نشانہ بنانے کا ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کرلیا ہے، ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی معصوم بچی کو ’ریپ‘ کی دھمکی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے اور خصوصاً پاکستان کے خلاف میچ میں شکست پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو تنقید کے ساتھ ساتھ آن لائن نفرت انگیز بیانات اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے گرفتار 23 سالہ ملزم کے خلاف مقدمے میں جنسی ہراسانی، ہتک عزت اور نفرت انگیز مواد شائع کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ‘ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور ممبئی منتقل کیا جارہا ہے’۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں رواں برس جنوری میں بیٹی پیدا ہوئی تھی۔اکوباتھینی رامناگیش پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست کے بعد دھمکیاں دیں۔

بھارت کو 24 اکتوبر کو ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین ٹیم کی شکست کے بعد واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر بھارتی برہم

پاکستان کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ٹیم میں شامل واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کے خلاف سوشل میڈیا میں شدید نفرت انگیز باتیں کی گئی تھیں۔

جس کے بعد سابق کھلاڑیوں اور ویرات کوہلی سمی تمحمد شامی کے ساتھیوں نے فاسٹ باؤلر کے خلاف اس نفرت انگیز رویے کی شدید مذمت کی تھی۔

ویرات کوہلی کی جانب سے بھی محمد شامی کا ساتھ دیے جانے پر ایک انتہاپسند نے انہیں ان کی بیٹی کے ’ریپ’ کی دھمکی دی تھی۔

کانٹینٹ کریئٹر اور صحافی اینڈرے بورگس نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ محمد شامی کی حمایت کرنے کے بعد ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی 10 ماہ کی بیٹی ’ومیکا‘ کو ’ریپ‘ کی دھمکی دی گئی۔

انہوں نے بچی کو دی جانے والی دھمکی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سب کچھ اس ہندوستان میں ہو رہا ہے، جسے ہم نے خود ایسی نفرت کی جانب بڑھایا‘۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: پیپلزپارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی مقدمےمیں نامزد

مائیکرو سافٹ اور میٹا کی ٹیمز اور ورک پلیس کو اکٹھا کرنے کیلئے شراکت داری

انگلینڈ کو سیمی فائنل میں شکست، نیوزی لینڈ پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا