پاکستان

رضوان کے تحفے میں دیے گئے قرآن کا مطالعہ کر رہا ہوں، میتھیو ہیڈن

یہ بہت زبردست بات ہے کہ کس طرح اسلام نے کھلاڑیوں کو یکجا کیا ہوا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بتایا ہے کہ وہ آج کل قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہے ہیں۔

عرب نیوز ویب سائٹ ’اردو نیوز‘ کی رپورٹ میں آسٹریلوی ادارے ’نیوز کور‘ کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے بتایا گیا کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر کو مقدس کتاب کا انگریزی ترجمہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے تحفے میں دیا تھا۔

انٹرویو میں میتھیو ہیڈن نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک روز میرے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ بجا اور ایک شخص کمرے میں داخل ہوا جس کے ہاتھ میں قرآن تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میتھیو ہیڈن قومی ٹیم کے بیٹنگ اور ورنن فلینڈر باؤلنگ کوچ مقرر

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ شخص رضوان تھے اور میں یہ کہوں گا کہ وہ ایک خوبصورت لمحہ تھا جو میں کبھی فراموش نہیں کروں گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں مسیحی مذہب سے تعلق رکھتا ہوں لیکن اسلام کے لیے متجسس ہوں، ایک پیغمبر حضرت عیسی علیہ السّلام کی پیروی کرتا ہے تو دوسرا پیغمبر اسلامﷺ کی اور دونوں (مذاہب) ایک دوسرے سے مختلف ہیں‘۔

بیٹنگ کنسلٹنٹ نے بتایا کہ رضوان نے مجھے قرآن کا انگریزی ترجمہ تحفتاً دیا، ہم آدھے گھنٹے تک فرش پر بیٹھے اس حوالے سے گفتگو کرتے رہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ روزانہ قرآن کا تھوڑا تھوڑا مطالعہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ہیڈن بھائی! تم پاکستان کی طرف ہو یا بھارت کی طرف؟‘

سابق کرکٹر نے وکٹ کیپر بیٹسمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رضوان ان کی پسندیدہ شخصیت اور ایک چیمپیئن آدمی ہیں۔

انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر ایک اچھا کھلاڑی ہے، گزشتہ رات وہ میرے پاس آئے اور اپنی کارکردگی کے حوالے سے بات کی‘۔

میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کوچنگ کی جا سکتی ہے کیونکہ وہ کھلے ذہن کے مالک ہیں۔

دوسری جانب دبئی میں ایک ورچوئل نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے قومی ٹیم کے مذہب پر عمل پیرا ہونے کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹن لینگر اور میتھیو ہیڈن دوستی کیوں ختم کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت زبردست بات ہے کہ کس طرح اسلام نے کھلاڑیوں کو یکجا کیا ہوا ہے اور پاکستانی ٹیم میں کس طرح روحانیت اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

خیال رہے کہ رمیز راجا نے گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میتھیو ہیڈن کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہا ہے جبکہ آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ میں ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

عائشہ عمر کے بعد ہانیہ عامر کے ساتھ شعیب ملک کا فوٹوشوٹ وائرل

یو اے ای کے وزیر خارجہ کی بشارالاسد سے ملاقات، عرب ممالک کا شام سے مذاکرات کا عندیہ

’ٹک ٹاک کے ایک فیصد قابل اعتراض مواد پر 99 فیصد مواد کس طرح بند کیا جاسکتا ہے‘