کھیل

دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر، سری لنکا کامیاب

ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا نے شیمرون ہٹمائر کی جرات مندانہ بیٹنگ کے باوجود دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پانچ اوورز میں کوشل پریرا اور پتھُم نسانکا نے 42 رنز کی شراکت قائم کی۔

ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب آندرے رسل نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر کوشل پریرا کو چلتا کردیا جو 29رنز بنا سکے۔

اس کے بعد نسانکا کا ساتھ دینے چارتھ اسالانکا آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرا کر بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 91رنز کی شراکت قائم کی تاہم نسانکا 41 گیندوں پر 51 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اسالانکا اور داسن شناکا نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 56 رنز کی شراکت قائم کی، اسالانکا 41 گیندوں پر 68 رنز بنانے کے بعد رسل کی دوسری وکٹ بنے۔

سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنائے ہیں، داسن شناکا نے 14 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں 10 رنز پر دونوں ویسٹ انڈین اوپنرز ایون لوئس اور کرس گیل پویلین لوٹ گئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد نکولس پوران اور روسٹن چیز نے تیسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کی لیکن 47 کے مجموعی اسکور پر چیز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

پوران نے 46 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ہٹمائر کے ساتھ مل کر اسکور کو 77 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر دشمانتھا چمیرا نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چوتھا نقصان پہنچایا۔

اس کے بعد ہٹمائر تن تنہا سری لنکن باؤلرز کا مقابلہ کرتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے ساتھی کھلاڑی ایک ایک کر کے پویلین لوٹتے رہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی، ہٹمائر نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے بنورا فرنینڈو، چمیکا کرونارتنے اور ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے میچ میں 20 رنز سے فتح حاصل کی اور اس شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

41 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلنے والے چارتھ اسالانکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

سری لنکا: داسن شناکا(کپتان)، پتھُم نسانکا، کوشل پریرا، چارتھ اسالانکا، آوشکا فرنینڈو، بھنوکا راجا پکسے، چمیکا کرونارتنے، ونندو ہسارنگا ڈی سلوا، دشمانتھا چمیرا، بنورا کمارا، مہیش تھکشانا۔

ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ (کپتان)، ایون لوئس، کرس گیل، روسٹن چیز، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روی رامپال۔

ٹوئٹر پر ’ویل پلیڈ انڈیا‘ کی جگہ ’ویل پیڈ انڈیا‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر کیوں؟

بھارت: کہیں ایسا نہ ہوجائے، کہیں ویسا نہ ہوجائے

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دسمبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق