سائنس و ٹیکنالوجی

مائیکرو سافٹ میٹاورس کے معاملے میں فیس بک کو ٹکر دینے کیلئے تیار

اس شعبے میں فیس بک کو سخت ترین حریف کا سامنا مائیکرو سافٹ کی شکل میں ہوگا جو میٹا ورس کی تعمیر کی ریس کا حصہ بن گئی ہے۔

فیس بک کی جانب سے حال ہی میں کمپنی کا نام بدل کر میٹا رکھا گیا جس کا مقصد مارک زکربرگ کی جانب سے میٹا ورس نامی ورچوئل دنیا کو تشکیل دینے کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔

مگر اب اس شعبے میں فیس بک کو سخت ترین حریف کا سامنا مائیکرو سافٹ کی شکل میں ہوگا جو میٹا ورس کی تعمیر کی ریس کا حصہ بن گئی ہے۔

مائیکرو سافٹ ٹیمز کی جانب سے میش نامی ایک پلیٹ فارم کو اگلے سال شامل کیا جارہا ہے جس کا مقصد کمپنی کے مکسڈ رئیلٹی اور ہولو لینس ورک کو میٹنگز اور ویڈیو کالز میں اکٹھا کرنا ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے 2 نومبر کو یہ اعلان کیا گیا جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ مائیکرو سافٹ اور میٹا میٹا ورس کے معاملے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہے ہیں بالخصوص ورک اسپیس کے حوالے سے۔

کمپنی کے مطابق مائیکرو سافٹ میش 2022 کی اولین ششماہی میں مائیکرو سافٹ میٹنگز کا حصہ بنے گا۔

اس سے قبل کمپنی کی جانب سے ٹیمز میں مختلف فیچرز جیسے ٹوگیدر موڈ اور دیگر تجربات بھی کیے گئے تاکہ میٹنگز کو زیادہ انٹرا ایکٹیو بنایا جاسکے۔

مائیکرو سافٹ ٹیمز کی جنرل منیجر نکول ہرسکوٹز نے بتایا کہ ورچوئل میٹنگز میں 30 سے 40 منٹ کے بعد وہاں رہ کر اپنی توجہ مرکوز کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے پہلے ٹوگیدر موڈ کو متعارف کرایا گیا اور اب میش سے پورے دن ویڈیو کالز پر رہنے والے افراد کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مائیکرو سافٹ ٹیمز میں اب 3 ڈی اواتارز کا اضافہ ہوگا جو میٹا ورس انوائرمنٹ کی جانب پیشرفت ہوگی اور ہاں ان کو استعمال کرنے کے لیے ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ان اواتارز کو 2 ڈی اور 3 ڈی دونوں میٹنگز میں استعمال کیا جاسکے گا اور صارف اپنا ایک انیمیٹڈ ورژن اس وقت منتخب کرسکیں گے جب وہ ویب کیم آن کرنا نہیں چاہتے ہوں گے۔

مائیکرو سافٹ میش کی پراڈکٹ منیجر کیٹی کیلی نے بتایا کہ اس سے ہم یہ فیصلہ کرسکیں گے کہ ویڈیو یا اواتار کس شکل میں ویڈیو کال کا حصہ بنیں اور اس حوالے سے متعدد کسٹمائز آپشنز ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صارف کی آواز سے اواتار کو انیمیٹ کیا جائے گا تاکہ وہ وہاں حقیقت میں موجود محسوس ہو ۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو صارف کی آواز سن کر اواتار کو متحرک کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

تھری ڈی میٹنگ کے لیے ان انیمیشنز کا ہاتھ اوپر اٹھا سکیں گے یا انیمیٹ ایموجی اپنے اواتار کے گرد رکھ سکیں گے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ میش پلیٹ فارم صارف کے لیے اس طرح کے تجربے کے لیے زیادہ کارآمد ہوگا بالخصوص کاروباری اداروں کے لیے میٹاورس تعمیر کرنے کے لیے۔

مائیکرو سافٹ ایسی ورچوئل دنیا کو تیار کرنا چاہتی ہے جہاں لوگ گیمز یا کمپنی کے ایپس کے ذریعے اپنا نیٹ ورک اور سوشلائز ہوسکیں۔

کمپنی کی جانب سے ٹرانسلیشن اور ٹرانسکرپشن سپورٹ کو بھی اس کا حصہ بنانے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ ورچوئل ٹیم اسپیس میں دنیا بھر میں کام کرنے والے ساتھی ورکرز سے بات چیت میں زبان رکاوٹ نہ بنے۔

کیٹی کیلی نے بتایا کہ مائیکرو سافٹ ٹیمز میں یہ ورچوئل اسپیسز اور اواتارز 2022 کی پہلی ششماہی میں دستیاب ہوں گے۔

کاروباری ادارے اس کی مدد سے ٹیمز کے اندر اپنے ورچوئل مقامات یا میٹا ورسز تعمیر کرسکیں گے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے برسوں سے میٹا ورس جیسے خیال کو حقیقی شکل دینے کے لیے سرمایہ کاری کی جارہی ہے، اس کے ہولو لینس ہیڈ سیٹ اور اگیومینٹڈ رئیلٹی کمپنی آلٹ اسپیس کی خریداری وغیرہ اس کا عندیہ دیتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ نے منفرد پلیٹ فارم کو متعارف کرادیا

فیس بک نے کمپنی کا نام تبدیل کردیا

فیس بک کا حقیقت سے قریب تر انٹرنیٹ نظام ’میٹاورس‘ بنانے کا اعلان