کھیل

ٹیم تھکاوٹ کا شکار ہے، ہمیں آرام کی ضرورت ہے، بھارتی باؤلر

کبھی کبھار آپ کو آرام کی ضرورت ہوتی ہے، جب آپ 6ماہ سے گھر دور ہوں تو خاندان کو یاد کرتے ہیں، جسپریت بمراہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کورونا وائرس کے باعث 'ببل کی پابندی سے تھکاوٹ' کا شکار ہوگئی ہے اور کھلاڑیوں پر مسلسل 6 ماہ کے سفر کے اثرات پڑ رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارت کی ٹیم سپر 12 کے مرحلے میں نیوزی لینڈ سے 8 وکٹوں سے شکست کے بعد گروپ ٹو میں پانچویں نمبر پر آگئی ہے جبکہ بھارتی ٹیم اگر اگلے تینوں میچوں میں کامیابی بھی حاصل کرلے تو اس کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات بہت کم ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کھلاڑی اپریل میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی شروعات سے مسلسل سفر میں ہیں، ستمبر میں کورونا وائرس سے متاثرہ آئی پی ایل کے میچوں کے لیے متحدہ عرب امارات میں تھے، اس سے قبل بھارتی ٹیسٹ ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ بھی کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت کو لگاتار دوسری شکست، نیوزی لینڈ 8وکٹوں سے کامیاب

ورلڈکپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل ختم ہونے والے آئی پی ایل کے میچوں کی وجہ سے تھکاوٹ سے متعلق ایک سوال پر جسپریت بمراہ نے کہا کہ’ بالکل کبھی کبھار آپ کو وقفے کی ضرورت ہوتی ہے، آپ اپنے خاندان کو یاد کرتے ہیں جب آپ 6 ماہ سے اپنے گھر سے دور ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم لوگ کبھی کبھار غیر حاضر دماغی کی کیفیت میں کھیل رہے ہوتے ہیں لیکن جب آپ فیلڈ میں ہوتے ہیں تو آپ ایسی باتوں کے بارے میں نہیں سوچتے، یقیناً گھر سے باہر رہنا اور طویل مدت کے لیے خاندان سے دور رہنا اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے بھی ہمیں مطمئن کرنے کی کوشش کی لیکن یہ مشکل وقت ہے، ابھی عالمی وبا موجود ہے لہٰذا آپ بہتری کی کوشش کرتے ہیں لیکن کبھی کبھار جسمانی و ذہنی تھکاوٹ ہوجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی معجزہ ہی بھارتی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا سکتا ہے، شاہد آفریدی

بمراہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف 11 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے تھے، بلے بازوں نے جلد اسکور کرنے کی کوشش کی کیونکہ انہیں احساس تھا کہ ہدف کے تعاقب میں رنز بنانے کے لیے اوس ایک عنصر ہوگا۔

بمراہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، ہم چاہتے تھے کہ ہم اضافی رنز حاصل کریں جس سے ہم دوسری اننگز میں فائدہ اٹھا سکیں‘۔

’غرور کا یہی انجام ہوتا ہے‘، انڈین پریمیئر لیگ پر پابندی کا مطالبہ

’ہواؤں کا رخ تبدیل ہوچکا، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی‘

’ماضی میں پی ٹی آئی نے تحریک لبیک کی حمایت کی، ہم نے سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا‘